ریگولر حج سکیم میں داخلے بند، قرعہ اندازی 28 دسمبر ہوگی، سپانسرشپ حج سکیم میں 31 دسمبر تک توسیع۔ترجمان
ریگولر حج سکیم میں داخلے بند، قرعہ اندازی 28 دسمبر ہوگی، سپانسرشپ حج سکیم میں 31 دسمبر تک توسیع۔ترجمان
اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزارتِ مذہبی امور سے جاری ایک بیان کے مطابق ریگولر حج سکیم میں درخواست جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔ بینک اوقات کے اختتام کے ساتھ ہی ریگولر حج سکیم میں داخلہ بند ہو جائے گا ۔ بیان کے مطابق سپانسرشپ حج سکیم میں داخلہ کیلئے 31 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کو ریگولر سکیم میں موصولہ حج درخواستوں کی تعداد مختص کیے گئے کوٹہ سے بڑھ چکی ہیں۔ 28 دسمبر کو خوش نصیب عازمینِ حج کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ ریگولر حج سکیم میں آج نماز جمعہ تک 66 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب سمندر پار پاکستانیوں کے اصرار پر سپانسرشپ سکیم میں مزید 9 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ سپانسرشپ سکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے لیے یا اپنے پیاروں کیلئے حج 31 دسمبر تک ڈالر میں رقوم بھجوا سکیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی ایویشن اتھارٹی GACA نے فضائی کمپنیوں کو متوقع حج پروازوں کا شیڈول جمع کرانے کیلئے 2 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا موقف ہے کہ انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کیلئے اب مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ وزارت نے حج درخواست گذاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ حج فارم کی دستخط شدہ کاپی ضرور حاصل کریں۔ کوائف میں غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری درستگی کروائیں۔