چترال کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈی پی او
چترال کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان نے اپنے آفس میں پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں ایس پی انوسٹی گیشن محمد شفی شفاء، ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال الدین، ڈی ایس پی سکیورٹی تمیز الدین، ایس ڈی پی او چترال سرکل سجاد حسین، ایس ڈی پی او دروش اقبال کریم، ایس ڈی پی او بمبوریت احمد عیسیٰ، ڈی ایس پی حسن اللہ اور دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کارکردگی اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی پی او رفعت اللہ خان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام پولیس تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور افسران باقاعدہ سکیورٹی انسپکشن جاری رکھیں۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوئر چترال کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈی پی او نے تھانوں کی حدود میں پیدل اور موبائل گشت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چوکیداری نظام اور گشت کے سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں کم سن ڈرائیوروں کے باعث بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کروایا جائے اور کم سن رائیڈرز کے خلاف خصوصی کارروائی کی جائے۔
ڈی پی او رفعت اللہ خان نے کہا کہ لوئر چترال میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں پولیس فورس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

