دروش میں لکڑی سے متعلق حکم نامہ کے حوالے سے انتظامیہ کی وضاحت
دروش میں لکڑی سے متعلق حکم نامہ کے حوالے سے انتظامیہ کی وضاحت
دروش (نمائندہ چترال ٹائمز) دروش انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش بعض عوامی خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے لکڑی سے متعلق جاری کردہ حکم نامہ نمبر 236/AC/Drosh/Forest/2026 (مورخہ 2 فروری 2026) کے حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس حکم نامے کا مقصد دروش سب ڈویژن میں ٹمبر مافیا اور غیر قانونی لکڑی اسمگلنگ کی روک تھام ہے، نہ کہ مقامی عوام کو ایندھن جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کرنا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقامی باشندوں کو گھریلو استعمال، خصوصاً سردیوں میں ایندھن کے لیے، ہیڈ لوڈ یا جانوروں کے ذریعے جلانے کی لکڑی لانے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی، بشرطیکہ سبز درختوں کی کٹائی نہ کی جائے اور لکڑی کا استعمال تجارتی مقاصد کے لیے نہ ہو۔ اسی طرح شاہ بلوط سمیت مقامی آبادی کے روایتی جنگلاتی حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ حکم نامہ عوامی حقوق کو محدود کرنے کے بجائے ان کے تحفظ اور جنگلات کے تحفظ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق صرف تجارتی مقاصد کے لیے لکڑی کی کٹائی، گاڑیوں کے ذریعے نقل و حمل اور غیر قانونی سرگرمیوں پر ہوگا۔
دروش انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی پروپیگنڈا اور ٹمبر مافیا کے گمراہ کن بیانیے سے ہوشیار رہیں اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، تاکہ دروش کے جنگلات، ماحول اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
