The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 11 August 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا صوبہ بھر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا صوبہ بھر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

پشاور( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبہ بھر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگلات قوم کی امانت ہیں، ان کی لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی ،درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ کے حکام کو مزید جنگلات لگانے کیلئے علاقوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات و جنگلی حیات کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے غیر قانونی شکار کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاون کا حکم دیا ہے اور کہا کہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کو فوراً گرفتار کر کے سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائے گی۔ اجلاس میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سخت ترین قانونی اصلاحات متعارف کرانے اور سزاوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون کی خامیوں کے باعث قومی وسائل کی لوٹ مار ناقابل برداشت ہے، تمام متعلقہ محکمے قانون میں موجود سقم کی نشاندہی کر کے نئی تجاویز پیش کریں۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ درختوں اور جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کو مزید موثر اور ناقابل فرار بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ کو محکمہ کے ترقیاتی منصوبوں ، انتظامی امور اور ذیلی محکموں بارے جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ سال 2018 تا اکتوبر 2025 مجموعی طور پر 242782 کیوبک فٹ غیر قانونی لکڑی ضبط کی گئی ، 5.6 ارب روپے کا فارسٹ ڈویلپمنٹ فنڈ تخلیق کیا گیا جبکہ 2.5  ارب روپے سے زائد کی آمدن حاصل کی گئی۔ صنعتی شعبے کی ایمیشن انوینٹری مرتب کرنے کے لیے 3217 انڈسٹریل یونٹس کی جی آئی ایس میپنگ مکمل کی گئی ہے۔اسی طرح 720 اینٹ کے بھٹوں اور 879 کرش پلانٹس کی بھی جی آئی ایس میپنگ مکمل کرلی گئی ہے۔

سموگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیا کہ پشاور میں سموگ عوامل میں 57 فیصد گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں ہے۔ مزید بتایا گیا گلوف اور کلاوڈ برسٹ کی پیشنگوئی کے لیے بہت جلد میکینزم انسٹال کر لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو مکھنیال فارسٹ اور کاربن کریڈٹ سے متعلق الگ بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
115470