The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 8 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

دبئی ایکسپو، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیساتھ مختلف شعبوں میں 8 بلین ڈالرز کے 44 مفاہمتی یاداشت پردستخط

دبئی ایکسپو، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیساتھ مفاہمتی یاداشت اوردلچسپی سے سرمایہ کاری آئے گی، تیمور سلیم جھگڑا
انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز، صوابی ہنڈ میں واٹر سپورٹس،صنعت، انرجی اینڈپاوور، انفراسٹرکچر، فوڈ پروسیسنگ لائف سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کیلئے 8 بلین ڈالرز کے 44 مفاہمتی یاداشت پر دستخط
خیبرپختونخوا حکومت متحدہ عرب امارات کی طرح انٹرنیشنل ٹورازم کو صوبے میں لانے اور اس کے فروغ کیلئے تیار پراجیکٹس کو ایکسپو میں پیش کرکے سرمایہ کاری لا رہی ہے، صوبائی وزیر صحت و خزانہ


دبئی( نمائندہ چترال ٹائمز)خیبرپختونخوا حکومت کے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سیاحت ثقافت کیساتھ ساتھ ہونے والی ترقی اور نئے پراجیکٹس کو ایکسپو کی تھیم کے مطابق بہترین انداز میں پیش کیاگیا جس سے سرمایہ کاروں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی فرمز نے8بلین ڈالرز پر مشتمل 44 مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی ایکسپو 2020 میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے منعقدہ خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صوبائی وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی،ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان، دبئی میں تعینات پاکستان کے سفیر ایچ ای افضال محمود، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبرپختونخواعامر سلطان ترین، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختو نخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی، سی ای او خیبرپختونخوا بورڈآف انویسٹمنٹ حسان داؤد بٹ، منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبرمحمد علی گل فراز،ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان رضوان طارق، پاکستان بزنس کونسل کے صدر سید قیصرانیس، پختونخوا بزنس اینڈ ویلفیئر کے صدر زبیر خان، الماسا گروپ، بارکلے گروپ آف کمپنی، سمارا گروپ آف کمپنیز، جنت اینڈ آر جے گروپ آف دبئی، مزایا گروپ سمیت مختلف سرمایہ کاری فرمز اور کمپنیز کے عہدیداران شریک تھے۔

صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات اور مواقع زیادہ ہیں۔ انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کا پراجیکٹ لارہے ہیں جس طرح دبئی نے اکنامک زون اور سیاحت کے شعبے میں ترقی کی اسی طرح خیبرپختونخوا حکومت بھی انٹرنیشنل ٹورازم کو صوبے میں لانے اور اس کے فروغ کیلئے تیار پراجیکٹس کو ایکسپو میں پیش کرکے سرمایہ کاری لا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا پاکستان کاواحد صوبہ ہے جس نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کیساتھ مل کر اپنی وسائل سے پہلا موٹر وے پراجیکٹ سوات مکمل کیاجبکہ اس کے علاوہ ہائیڈروڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ سوات کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے موٹر وے بنانے جا رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں رشکئی سپیشل اکنامک زون پاکستان میں برآمدات کا مرکز بنے گا۔

انہوں نے کہاکہ سنٹرل ایشیاء کیساتھ فارن ایکس چینج میں یہ مددگار ثابت ہوگا۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے وژن کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا لارہے ہیں۔ صوبے میں انفراسٹرکچر اور ٹورازم سیکٹر کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ صوبے میں سیاحت، انرجی اینڈپاوورسمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ایکسپو میں صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی فرمز کو بہترین انداز میں پراجیکٹس پیش کئے گئے۔ مفاہمتی یاداشت کے بعد ٹیکنیکل ٹیم کی بدولت ان فرمز کو صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے جلد از جلد لایا جائے گا۔ صوبے میں بجلی کے منصوبے لگانے کی کافی گنجائش موجود ہے۔

ایکسپو کے ذریعے بین الاقوامی فرمز کو صوبے میں سرمایہ کاری کا بتایا گیا جس سے صوبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی اور اس طرح کی شرکت سے صوبے میں مزید سرمایہ کاری ممکن ہوگی۔ متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر ایچ ای افضال محمود نے کہاکہ پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا حکومت نے بہترین انداز میں شرکت کرتے ہوئے اپنے پراجیکٹس پیش کئے جو کہ صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے مددگار ثابت ہونگے۔ پاکستان پویلین کا شمار دبئی ایکسپو کے دیگر پویلین میں سے ٹاپ دس میں ہوتا ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح پویلین کا دورہ کررہے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور وفاقی حکومت ملک اور صوبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کیلئے بہترین موقع ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہاکہ حکومت ایڈمنسٹریشن سطح پر ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہم ایکسپو میں ان پراجیکٹس کو لیکر آئے ہیں جن کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہیں ان میں صرف سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاحت، پاوور اینڈانرجی، زراعت، لائف سٹاک سمیت کئی شعبے ہیں جن میں سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کرکے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

حکومت ون ونڈوسمیت کئی سہولیات سرمایہ کاروں کو فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اتھارٹی کامران احمد آفریدی نے کہاکہ صوبے میں ٹورازم اتھارٹی کے قیام کا مقصد بھی یہ ہے کہ دبئی ایکسپو سمیت دیگر جگہوں سے سیاحت کے شعبے میں آنے والے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کی جائے اور دبئی ایکسپو میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز سمیت صوابی ہنڈ ری کری ایشنل پارک اور دیگر پراجیکٹس کو پیش کیا گیا۔ سی ای او خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ حسان داؤد بٹ نے خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یہ بہترین موقع ہے کہ خیبرپختونخوا میں صنعت، انرجی و پاوور، سیاحت، زراعت، فوڈ، لائف سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے۔ ایکسپو میں شرکت سے قبل بورڈآف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور ٹورازم اتھارٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر کوششوں سے کانفرنس میں شرکت کیلئے تیاری کی اور وہ پراجیکٹس پیش کئے جن میں سرمایہ کاری جلد از جلد ممکن تھی۔

ٹیم کی کوششوں سے آج 44 مفاہمتی یاداشت پر مختلف بین الاقوامی فرمز اور دبئی میں موجود پاکستانی سرمایہ کاروں نے دستخط کئے۔ انہوں نے تمام بزنس کمیونٹی، خیبرپختونخوا حکومت، دبئی حکومت اور دیگر منسلک شعبوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایکسپو میں شرکت سمیت صوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ان تمام اقدامات کو ممکن بنایا۔

chitraltimes dubai expo kp govt 44 mou with foreign investors 2
chitraltimes dubai expo kp govt 44 mou with foreign investors 3
chitraltimes dubai expo kp govt 44 mou with foreign investors 4

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57430

دبئی ایکسپو میں خیبرپختونخوا پویلین کو بہت زیادہ پذیرائی ملی ۔ وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو میں خیبرپختونخوا پویلین کو بہت زیادہ پذیرائی ملی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے خیبرپختونخوا پویلین میں غیر معمولی دلچسپی لی ہے جہاں پر خیبرپختونخوا کی ثقافت کے ساتھ ساتھ یہاں پر سرمایہ کاری کے مواقع اور مصنوعات کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے تاکہ صوبے کی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹوںمیں روشناس کرایا جاسکے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔


اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پویلین میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی باعث اطمینان ہے اور امید ہے کہ اس ایکسپو میں خیبرپختونخوا حکومت کی شرکت کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں گے اور صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو میں خیبرپختونخوا حکومت کی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، دبئی ایکسپو پر ان کی پوری نظر ہے اور وہ صوبائی حکومت کی تمام سرگرمیوں کی باقاعدہ رپورٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایکسپو میں صوبائی حکومت بین الاقوامی اداروں او رسرمایہ کاروں کے ساتھ کئی معاہدے کرچکی ہے، انشاءاللہ دبئی ایکسپو میں صوبائی حکومت کی شرکت کے مقاصد حاصل کئے جائیں گے اور اس بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت سے صوبے کی ثقافت اور مثبت تشخص کے ساتھ ساتھ یہاں کی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

موجودہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی طرف سے مثبت اور تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے ۔وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی طرف سے مثبت اور تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے ،اور کرتی رہے گی، حکومت سے کمزوریاں اور کوتاہیاں بھی سرزد ہوسکتی ہیں اور جہاں جہاں حکومت کی کوتاہیاں اور کمزوریاں نظر آئیں میڈیا ان کی نشاندہی ضرور کرے ہم ان کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے صحافی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مثبت اور تعمیری تنقید کے ساتھ ساتھ عوام کی آگہی کے لئے حکومت کے اچھے کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو اجاگر بھی کیا کریں۔


وہ گذشتہ روز سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پر سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بدامنی کی وجہ سے سوات کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے تاہم انہوں نے انتہائی سخت حالات کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کیا، دہشت گردی کے دوران عام لوگوں، سیاسی قائدین اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سوات کے صحافیوں نے بھی بڑی قربانیاں دیں اور کئی ایک صحافی شہید بھی ہوئے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ان سب کی قربانیوں کے نتیجے میں آج علاقے میں امن و امان قائم ہے اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صحت، تعلیم ، سیاحت، اور مواصلات سمیت تمام شعبوں میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں اور عوام کے تعاون سے ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کا مستقبل سیاحت سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز میں سیاحت کے مواقع سے بھر پور استفادہ کرکے لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان حکومتی اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں، گزشتہ سیاحتی سیزن میں 27 لاکھ ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جس کے نتیجے میں صوبے میں کم و بیش 66 ارب روپے کی آمدن آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے شمالی علاقوں میں پن بجلی کے مواقع سے استفادہ کرنے کے لئے بھی پن بجلی گھروں کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ ان سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ نومنتخب صدور اور ان کی کابینہ کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدور اور ان کی کابینہ کے اراکین صحافیوں کی فلاح وبہبود اور علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ صوبائی وزیر محب اللہ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی، عزیز اللہ گران، سیکریٹری اطلاعات ارشد خان، وزیر اعلیٰ کے اسپیشل سیکرٹری محمد خالق اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوات پریس کلب کے نو منتخب چیرمین سعید الرحمان نے وزیر اعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر محبوب علی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو سوات کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57382

دبئی ایکسپو، سیاحت میں سرمایہ کاری کیلئے چار مفاہمتی یاداشت پر دستخط

سیاحتی کانفرنس میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز، صوابی ہنڈ میں واٹر سپورٹس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی، 16 جنوری کو خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں مختلف پراجیکٹس پر مقاہمتی یاداشت پر دستخط ہونگے
خیبرپختونخوا حکومت کے ون ونڈو وژن کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے

سرماریہ کاری کیلئے ماحول فراہم کررہے ہیں، صوبہ میں سرمایہ کاری ماحول دوستانہ ہے، سیکرٹری محکمہ سیاحت عامر سلطان ترین


دبئی(چترال ٹائمز رپورٹ)سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانان خیبرپختونخواعامر سلطان ترین نے کہاہے کہ سرمایہ کاروں کیلئے خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں مواقع موجود ہیں۔دبئی سیاحتی کانفرنس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بین الاقوامی اور دبئی میں موجود سرمایہ کاروں کو پراجیکٹس پیش کئے ہیں اور آج بہت ہی کامیاب کانفرنس رہی۔ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول دوستانہ ہے۔ چار مختلف پراجیکٹس پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ سات سے آٹھ مختلف سرمایہ کاروں نے بھی اپنی دلچسپی پیش کی ہے جیسے ہم مزید 16 جنوری کو خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرینگے۔

chitraltimes dubai expo KPCTA 1

ان خیالات کااظہار انہوں نے دبئی ایکسپو میں منعقدہ سیاحتی ہفتے کے پہلے روز ٹوورازم سرمایہ کانفرنس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی،ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان رضوان طارق، سی ای او خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ حسان داؤد بٹ،پاکستان بزنس کونسل کے صدر سید قیصرانیس، پختونخوا بزنس اینڈ ویلفیئر کے صدر زبیر خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر ورلڈ بینک پراجیکٹ کائیٹ توصیف خالد، ڈائریکٹر آرکیالوجی خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد، الماسا گروپ، سمارا گروپ آف کمپنیز، جنت اینڈ آر جے گروپ آف دبئی، مزایا گروپ سمیت مختلف سرمایہ کاری فرمز شریک تھیں۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت عامر سلطان لطیف نے کانفرنس میں موجود شرکاء کو صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ اور انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

chitraltimes dubai expo KPCTA 2

انہوں نے کہاکہ انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولیات فراہم کی جائے گی جس میں زمین حکومت فراہم کریگی جبکہ حکومت کا اصل وژن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ون ونڈوآپریشن خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے زیر نگرانی بنایا گیاہے اور اسے خیبرپختونخوا حکومت نے حقیقی معنوں میں لاگو کیاہے جس میں سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے دوران کسی دوسرے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ زمین، جنگلات، بجلی و گیس کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ہماری کوشش ہے کہ ایکو ٹوورازم کے تحت سرسبز ماحول میں سیاحوں کو بہترین انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔

کانفرنس میں سمارا گروپ نے انٹیگریٹڈ ٹورازم زون منکیال سوات، الماسا گروپ نے انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ٹھنڈیانی ایبٹ آباد، جنت گروپ نے ہنڈ صوابی میں واٹر تھیم پارک، مزایا گروپ(ای جی آئی)نے انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گنول وادی مانسہرہ میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مفاہمتی خطوط پر دستخط کئے۔ ان کی باقاعدہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط 16 جنوری کو خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں کیا جائے گا۔ سی ای او خیبرپختونخوا بورڈآف انویسٹمنٹ حسان داؤد بٹ نے کہاکہ آثارقدیمہ کا ٹریل ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے بہترین انداز میں پیش کیا۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے جہاں سرمایہ کاری کرکے بہترین آمدن حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہم نے وہ پراجیکٹس پیش کئے جن کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل تھی اوریہ سرمایہ کاری کیلئے تیار پراجیکٹس ہیں۔

chitraltimes dubai expo KPCTA 4
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57237