Chitral Times

خیبر پختونخوا میں پول ٹیسٹنگ سسٹم کامیابی کیساتھ متعارف کیا جاچکا ہے۔۔۔وزیرصحت

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختونخوا میں پول ٹیسٹنگ سسٹم کامیابی کیساتھ متعارف کیا جاچکا ہے۔ پول ٹیسٹنگ کے ابتدائی طور پر کیے گے 27 تجربات کے 100 فیصد نتائج سامنے آئے ہیں۔ پول ٹیسٹنگ کے نتائج کو آبادی کے بڑے کلسٹر پر کامیابی سے اپلائی کیا جا سکتا ہے۔ صوبے میں کورونا تشخیصی صلاحیت ہزار ٹیسٹ سے زائد یومیہ تک پہنچا دی گئی ہے جو کہ آئندہ ہفتوں میں 2 ہزار ٹیسٹ یومیہ ہو جائے گی۔ 90 فیصد کورونا ٹیسٹ سرکاری لیبارٹریز میں کیے جا رہے ہیں۔ صوبے میں احساس پروگرام کے تحت اب تک 11 لاکھ خاندانوں میں 13 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اوروزیر اعلیٰ کے مشیربرائے اطلاعات اجمل وزیر نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں اب تک 12 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جن میں سے 12 فیصد مثبت آئے۔ صوبے میں 15 مشتبہ کورونا کیسز کے وفات پا جانے کے بعد کورونا ٹیسٹ کئے گئے جو مثبت آئے اور انہیں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں شامل کیا گیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے میں کل کورونا مریضوں کا 78 فیصد مرد ہیں جبکہ صرف 22 فیصد خواتین اس وائرس سے متاثر ہوئیں ہیں۔ کورونا سے وفات پاجانے والے 85 فیصد افراد 50 سال سے زائد عمر کے ہیں۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں اور اموات کے شفاف اعدادوشمار پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس وباء کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے اور مقصد کے حصول کے لیے ہمیں تمام روایتی طور اطوار چھوڑنے کے ساتھ ساتھ سیاست اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کو بھی پس پشت ڈالنا ہوں گا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی 900 ٹیسٹ روزانہ کر رہی ہے۔ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کل 1126 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ وزیرِ صحت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ دو ہفتوں میں مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں لیبارٹریوں کے فعال ہونے سے صوبے میں کورونا ٹیسٹگ کی استعداد دگنا ہو جائے گی۔ اس موقع پر احساس پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت رقوم کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اب تک احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں 13 ارب سے زائد کیش رقوم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔ یہ رقم صوبے کے 11 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آرڈیننس نافذ العمل ہے۔ جس کا مقصد ذخیرہ اندوزی کا قلع قمع کرنا ہے۔ مشیر اطلاعات نے نجی چینل کے کیمرہ مین شہزاد کاظمی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر ان کی اچھی صحت اور تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحافی برادری کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان خود میدان میں موجود ہیں اور تمام انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کے ساتھ عوام، علماء اور تاجر برادری کا تعاون قابل تحسین ہے۔ کورونا وبا کو کنٹرول کرنے میں ڈاکٹرز، پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان سے آئے پاکستانیوں کو ضلع خیبر میں مختلف قرنطینہ مراکز میں ٹھہرایا گیا ہے جہاں انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اجمل وزیر نے ایک دفعہ پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ طبی ماہرین کی طرف سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
34648