The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

16 سے 19 ستمبر تک خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی

16 سے 19 ستمبر تک خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) پرانوشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر 16 سے 19 ستمبر تک صوبے کے بالائی اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اور دیگر اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات بروقت یقینی بنائیں، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھیں اور ایمرجنسی ٹیموں کو الرٹ رکھیں۔ عوام کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ و ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے جو کہ چوبیس گھنٹے فعال ہے۔

…………………………………………

رواں سال خیبرپختونخوا حکومت نے 63میگاواٹ کے 3پن بجلی منصوبے مکمل کرلئے
سوات میں 330میگاواٹ کے 3فلیگ شپ منصوبے آئندہ 2سالوں میں مکمل کرلئے جائیں گے
40کلومیٹرسوات کوریڈور ٹرانسمیشن لائن سے صنعتوں کوسستی بجلی فروخت کی جائے گی،سیکرٹری توانائی

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخواحکومت اپنے وسائل سے توانائی کے جاری منصوبوں پرتیزی سے کام کررہی ہے۔رواں سال پن بجلی کے 3اہم منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں جن سے مجموعی طورپر 63میگاواٹ بجلی کی پیداوارشروع ہوچکی ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کوسالانہ 4.4ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔اسی طرح ضلع سوات میں توانائی کے 3فلیگ شپ منصوبوں پربھی کام تیزی سے جاری ہے جن سے 330میگاواٹ بجلی کی پیداوار آئندہ2سالوں میں شروع ہوجائے گی۔سوات کوریڈورپر40کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے پربھی کام تیز کردیا گیا ہے جوآئندہ سال مکمل کرلیا جائے گاجس کی تکمیل سے صوبے کے صنعتی شعبے کو سستی بجلی فروخت کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے پیڈوہاؤس میں پن بجلی کے جاری7 اہم منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈونے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ رواں سال 63میگاواٹ کے تین اہم پن بجلی منصوبے 40.8میگاواٹ کوٹودیر،11.8میگاواٹ کروڑہ شانگلہ اور10.2میگاواٹ جبوڑی مانسہرہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں۔اسی طرح 7منصوبوں جن میں 300میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ،157میگاواٹ مدین سوات،88میگاواٹ گبرال کالام،84میگاواٹ مٹلتان سوات،69میگاواٹ لاوی چترال،10.5میگاواٹ چپری چارخیل کرم اور6.9میگاواٹ مجاہدین پاورپراجیکٹ تورغر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری توانائی نے مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن منصوبے کوآنے والے دنوں میں انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے منصوبے کو آئندہ سال میں ہرصورت مکمل کرنے پر زوردیا۔علاوہ ازیں صوبے کے سب سے بڑے منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ پر بھی متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کوکام مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری توانائی نے سوات میں عالمی بینک کے تعاون سے شروع کئے گئے 157میگاواٹ مدین سوات اور88میگاواٹ گبرال کالام منصوبوں کے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو امورجلد نمٹانے پرزوردیا۔ سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان نے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز اورپیڈوافسران کوخبردارکیا کہ گین چارٹ کے ذریعے تمام جاری منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کی جا رہی ہے لہٰذااب کسی بھی قسم کی تاخیرکی گنجائش نہیں ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
113889