حج درخواستوں کی محدود کوٹے پر 5 ہزار خالی نشستوں پر حج درخواستیں وصولی شروع
حج درخواستوں کی محدود کوٹے پر 5 ہزار خالی نشستوں پر حج درخواستیں وصولی شروع
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج کوٹے کے تحت 5 ہزار خالی نشستوں پر حج درخواستیں وصول کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق، درخواستیں آج سے جمع کی جا رہی ہیں اور تمام نامزد بینک روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والی درخواستوں کو فوری طور پر پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے۔سرکاری کوٹے کی نشستیں مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی وصولی فوراً بند کر دی جائے گی۔نئے درخواست گزاروں کو پہلی دو قسطوں کی مد میں 6 لاکھ روپے یکمشت جمع کرانے ہوں گے۔ اس کے علاوہ، قربانی یا الگ کمرے کے اضافی اخراجات بھی ادا کرنا ہوں گے۔
بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں کب داخل ہوگا؟
لاہور(سی ایم لنکس)ملک میں بارش برسانے والا سسٹم کب داخل ہوگا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سامنے آ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ آج صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے اور حد نگاہ انتہائی حد تک کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔صوبے کے کئی مقامات پر شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو داخل ہوگا۔ بادلوں کے اس سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔
پی آئی اے کی 4 سال بعد یورپ کیلیے پرواز، مسافروں سے بھرا بوئنگ 777 پیرس روانہ
اسلام آباد(سی ایم لنکس)قومی ائرلائن کی 4 سال کے بعد یورپ کے لیے پہلی پرواز مسافروں کو لے کر پیرس روانہ ہو گئی۔ 4 برس کے بعد یورپ کے لیے پی آئی اے کا آپریشن شروع ہوگیا، جس کی پہلی ہی پرواز پر مسافروں کا دیکھنے میں آیا اور طیارے کی تمام نشستیں بْک تھیں۔پی آئی اے کے بوئنگ 777 کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں پی کے 749 پرواز 12 بجے پیرس کے لیے روانہ ہو گئی۔ وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے پرواز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی سول ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات اور فرانسیسی سفارت خانے کے حکام بھی شریک تھے۔وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس،اٹلی، ناروے اور اسپین میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اب سبز ہلالی پرچم یورپ کی فضاؤں میں لہرائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ کوشش کریں گے جلد نجکاری ہو جائے اور دیگر کمرشل ائرلائنز کی طرح مقابلہ ہو۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سول ایوی ایشن نے محنت کی اوریورپ کی فلائٹ کو ممکن بنایا۔ میں یورپی یونین کے ایوی ایشن کے تمام عہدے داروں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے ہمارے معیار کو جانچا۔ ہم نے ساڑھے 4سال میں کئی سو ارب کا نقصان اٹھایا۔ پی آئی اے پر 800ارب کا قرض ہے جب کہ منافع بخش روٹس بھی بند ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر ہوابازی کے بیان نے تباہی مچا کر رکھ دی تھی۔ ساڑھے 4 سال تک پاکستانی باہر سے مہنگا سفر کرنے پر مجبور تھے۔ ہمیں عالمی معیار پر پورا اترنے پر فخر ہے۔ جلد برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز بھی کریں گے۔