چترال میں ایران پر امریکی اور از۔ رائیلی حملے کے خلاف جماعت اسلامی چترال کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ
چترال میں ایران پر امریکی اور از۔ رائیلی حملے کے خلاف جماعت اسلامی چترال کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ایران پر امریکی اور از ۔رائیلی حملے کے خلاف جماعت اسلامی چترال کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر مقامی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مظاہرین نے ایران پر حملے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسے مسلم دنیا کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی طرف پیش رفت کا حصہ ہے۔ مقررین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ممالک امریکا اور اسرائیل کو اڈے، فضائی اور زمینی راستے فراہم کر کے اس منصوبے کی راہ ہموار کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں، جو امت مسلمہ کے مفادات کے خلاف ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ایران نے عالمی طاغوت کے سامنے نہ جھک کر جرات و بہادری کی مثال قائم کی ہے۔ ان کے مطابق مادی طاقت کے اعتبار سے امریکا سے کسی کا مقابلہ ممکن نہیں، مگر ایک مسلمان کا کام اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہوئے باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا ہے، اور ایران نے اسی جرات اور ایمانی غیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پوری مسلم دنیا کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، مگر افسوس کہ بیشتر مسلم ممالک نہ صرف خاموش ہیں بلکہ امریکی جارحیت کی مذمت کرنے کی توفیق بھی نہیں کر پا رہے۔
مظاہرے کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے اس مشکل وقت میں اپنے برادر پڑوسی ملک ایران کا ساتھ دے اور اپنا اسلامی و اخلاقی فریضہ ادا کرے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایران میں امریکا کو مطلوب رجیم چینج پاکستان کے مفاد میں بھی نہیں ہوگا، لہٰذا اس کی راہ روکنا پاکستان کے اپنے مفاد میں بھی بہتر ہے۔

