جماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہہ الدین نے امارت کا حلف اٹھا لیا
جماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہہ الدین نے امارت کا حلف اٹھا لیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اتوار کے روز جماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہہ الدین نے امارت کا حلف اٹھا لیا جس سے سابق امیر ضلع مولانا جمشید احمد نے پارٹی کی ضلعی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں حلف لیا جہاں سابق امرائے اضلاع مولانا شیر عزیز، مغفرت شاہ، مولانا رحمت اللہ اور ارکان و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نومنتخب امیر ضلع وجیہہ الدین نے کہاکہ انہوں نے اس گران ذمہ داری کو اٹھانے کے بارے میں کبھی تصور بھی نہیں کیاتھا لیکن ارکان جماعت نے اس مشکل ترین کام کے لئے جب میر انام لیا ہے تو انہیں اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے میں میرا ساتھ بھی دینا ہوگا۔ انہوں نے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جماعت کی بنیادی اکائی مقامی نظموں کو سب سے پہلے منظم اور فعال بنائے جائیں گے جہاں ہفتہ وار دروس قرآن کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا اور اس ٹارگٹ کو ہر صورت اور ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ وجیہ الدین نے نوجوانوں کو جماعت میں خاص مقام دینے اور انہیں پوری طرح اعتماد دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک گیر ممبرشپ مہم جاری ہے جس کے لئے تمام ارکان جماعت اپنی دن رات ایک کرتے ہوئے اس کی ٹارگٹ کو حاصل کرنے کی کوشش کریں جس کی اہمیت موجودہ سیاسی صورت حال میں سب سے ذیادہ ہے اور یہ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی سیاسی بصیرت اور اعلیٰ وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق امرائے ضلع مغفرت شاہ اور مولانا جمشید احمد نے بھی خطاب کیا اور وجیہ الدین کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں ملٹی میڈیا پر امیر جماعت حافظ نعیم کی پاکستان بھر میں ارکان جماعت کے ساتھ خطاب کو براہ راست دیکھایا گیا۔ وجیہ الدین جماعت اسلامی چترال کے دسواں امیر ہیں جبکہ ا س سے پہلے 1970ء میں یہاں جماعت کا نظم قائم ہونے کے بعد عبداللہ جان ناظم اور پھر امیر بن گئے تھے جس کے بعد مولانا غلام محمد، مولانا شیر عزیز، مولانا عبدالرؤف، مولانا جمشید، مغفرت شاہ اورمولانا رحمت اللہ امیر منتخب ہوگئے۔ ضلعی امارت کا میعاد صرف دوسال کا ہوتا ہے۔


