تریچ شاگروم میں بارش کے باعث سیلابی ریلے میں تین گھر مکمل منہدم، کئی گھروں کو جذوی نقصان پہنچا ، آبپاشی اور ابنوشی اسکیموں کے ساتھ دکان اور سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا، اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر علاقے دورہ کیا
تریچ شاگروم میں بارش کے باعث سیلابی ریلے میں تین گھر مکمل منہدم، کئی گھروں کو جذوی نقصان پہنچا ، آبپاشی اور ابنوشی اسکیموں کے ساتھ دکان اور سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا، اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر علاقے دورہ کیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گزشتہ روز کی بارش کے باعث شاگروم تریچ اپر چترال میں سیلاب نے شدید تباہی مچائی۔ ترجمان پی ٹی آئی اپرچترال اور وی سی چیئرمین تریچ خواجہ خلیل کے مطابق ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ ثریا بی بی کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو تورکہو نے متعلقہ محکموں کے زمہ داروں کے ہمراہ ریلیف پیکچز لے کر گاؤں شاگروم کا دورہ کیا۔
چونکہ وریموں سے آگے تریچ روڈ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا لہٰذا اے سی اور دیگر ٹیم کو تفصیلی دورے میں چھ گھنٹے مسلسل پیدل سفر کرنا پڑا۔ اس دوران تریچ روڈ سمیت متاثرہ گاؤں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں شامل تین گھر مکمل طور پر تباہ، ایک زیر تعمیر گیسٹ ہاؤس، 4 سے 5 ٹن سریا، سیمنٹ پائپ اور باونڈری وال اور ایک دکان مکمل تباہ، گورنمنٹ پرائمری سکول شاگروم کے دو کمرے منہدم، مدرسہ شاگروم مکمل تباہ، متعدد لوگوں کی آلو کی فصلیں ضائع ، گاؤں کے چھوٹے بڑے 27 آبپاشی کے چینلز اور لنک روڈ شدید متاثر ہیں
شوچ ایریگیشن چینل (پختوری اور نھچاع ایریا) مکمل تباہ، لنک روڈ پوھت، لنگول خوران اور لشٹ بھی متاثر ہے ۔
اس موقع پر تحصیل چیئرمین موڑکہو تورکہو میر جمشید شوچ پہنچے اور تریچ روڈ پر باقاعدہ بحالی کا کام شروع کر دیا۔ دو ٹریکٹرز کام میں مصروف ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ دو سے تین دنوں میں تریچ روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا، جس کے بعد لنک روڈ کی بحالی کا آغاز ہوگا۔
اس دورے میں متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں کے علاوہ جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اپر چترال علاوالدین عرفی، افگن رضا پرسنل سیکریٹری ڈپٹی اسپیکر، تحصیل صدر موڑکہو تورکہو منہاج الدین، اقبال عالم، خواجہ خلیل انفارمیشن سیکریٹری پی ٹی آئی اپر چترال و چیئرمین وی سی ترچ بالا، وی سی چیئرمین تریچ پائیں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔


