The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

صدر مملکت عارف علوی کی بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت

Posted on

صدر مملکت عارف علوی کی بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور بینکوں کو فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔اتوار کو ایوانِ صدرپریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹگ کیلئے بینکنگ محتسب معاملہ اسٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائے،بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس او پیز جاری کیے جائیں،فراڈ کرنے والے افراد کو بینکنگ/مالی سہولیات نہ دی جائیں۔صدر مملکت نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کردی ہے، بینک فراڈ سے متاثرہ 2 صارفین کو 19 لاکھ اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔ یونائیٹڈ بینک کے صارف قیصر محمود کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہہ نمبر سے کال موصول ہوئی،کالر نے قیصر محمود کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا،شہری کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے،

بریگیڈیئر (ر) محمد عارف شیخ سے جعلسازوں نے کال کر کے اکاؤنٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے بینکنگ تفصیلات مانگی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ عارف شیخ کے اکاؤنٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 994,000 روپے کی رقم نکالی گئی، شہریوں نے اپنے متعلقہ بینکوں سے رقم واپس کرنے کو کہا،لیکن ریلیف نہ مل سکا،شہریوں نے ریلیف حاصل کرنے کے لیے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا، محتسب نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کو کھوئی ہوئی رقوم واپس کریں۔بعد ازاں، بینکوں نے صدر مملکت کے سامنے محتسب کے فیصلوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کیں۔صدر مملکت نے مقدمات کی ذاتی سماعت کی اور فریقین کو سننے اور دستیاب ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ شکایت کنندگان کے حق میں کردیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں نے جعلی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگانے کے لیے نگرانی کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی، لگاتار اور متعدد لین دین کیے گئے لیکن سسٹم الرٹ نہیں ہوا اور رقم کو سسٹم سے گزرنے دیا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بینک ادائیگی کے نظام اور الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفرز ایکٹ 2007 کے سیکشن 41 کے مطابق لین دین کی قانونی حیثیت قائم کرنے میں بھی ناکام رہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بینک اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، بینکوں کی بدانتظامی ثابت ہوئی، بینک شکایت کنندگان کا مالی نقصان پورا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح قیصر محمود اور بریگیڈیئر (ر) عارف شیخ کو بالترتیب 1,998,500 اور 744,000 روپے ادا کریں،

ادویات کے خام مال کی تیاری کے سلسلے میں اہم پیش رفت

لاہور(سی ایم لنکس)ادویات کے خام مال کی تیاری میں خود انحصاری کی جانب سفر میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فارم پارک کے قیام کے راہ ہموار ہونے لگی، فارم پارک میں خام مال بنانے کے متعدد یونٹس ایک ہی جگہ لگانے کی تجویز ہے۔ ادویات میں استعمال ہونے والے خام مال کا 40 فیصد خود تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا ادویات کے سالٹ اور مالیکیولز کی پیداوار پر کام تیز کردیا، نگران وفاقی وزیر صحت آئندہ ہفتے لاہور میں 2 یونٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یونٹس سے 6 ماہ میں 200 سالٹس و مالیکیولز پاکستان میں ہی تیار ہو سکیں گے۔دنیا بھر میں اس وقت تک تقریبا 700 سالٹس اور مالیکیولز سے ادویات تیار ہوتی ہیں، پاکستان 73 سال کے دوران مقامی طور پر صرف 100 مالیکیولز ہی تیار کرسکا ہے، پاکستان کو 600 اقسام کی ادویات کے سالٹس اور مالیکولز امپورٹ کرنے پڑتے ہیں۔خام مال کی مقامی تیاری سے پاکستان کو ہر ماہ لاکھوں ڈالرز کی بچت ہوگی، مالیکیولز کی ملک میں تیاری سے ادویات کے درآمدی بل میں بھی کمی ہوگی۔ خام مال کی مقامی تیاری سے پاکستانی ادویات کی برآمدات ایک ارب ڈالر ہوں گی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84384