The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 5 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں اور وزیراعلیٰ نے ان پرعملدرآمد کے لیے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ اعزازیہ کے بقایاجات فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی جاری کر دئیے ہیں۔ڈاکٹرسیف 

بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں اور وزیراعلیٰ نے ان پرعملدرآمد کے لیے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ اعزازیہ کے بقایاجات فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی جاری کر دئیے ہیں۔ڈاکٹرسیف

پشاور(چترال ٹائمزرپور ٹ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ان پرعملدرآمد کے لیے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ رولز میں ترامیم کی منظوری دی جا چکی ہے، اعزازیہ کے بقایاجات فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی جاری کر دئیے ہیں اور ویلیج و نیبرہوڈ کونسلز کے سابقہ دور کے فنڈز کو ترقیاتی کاموں میں خرچ کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا کہ کرایہ اور اعزازیہ کے لیے حال ہی میں اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ سی آر وی ایس سرٹیفکیٹ فیس کی مد میں جمع ہونے والی رقم متعلقہ کونسلز کے سرکاری بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے دفاتر مرحلہ وار قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ مشیر اطلاعات نے مظاہرین کے احتجاج کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پرامن احتجاج کے لیے پہلے سے ایک جگہ مختص کی تھی، لیکن آج مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ریڈ زون میں ہائی کورٹ، سول سیکرٹریٹ، اور عسکری تنصیبات کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں احتجاج کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ریڈ زون پر دھاوا بولنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیا اور واضح کیا کہ احتجاج کی آڑ میں زور زبردستی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ پرامن انداز میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں کیونکہ حکومت کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
97582