برفانی تودہ گرنے سے بروغل اورلاسپورروڈ ٹریفک کیلئے بند، کھولنے کا مطالبہ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے بالائی علاقہ میں بارش کے باعث شول کوچ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے بروغل روڈ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے ۔ جس سے مقامی علاقوں خصوصا بروغل ویلی سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بروغل کے لوگوں کو ان دنوں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ اور لوگوں میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے ۔ جس پر محکمہ فوڈ چترال نے گندم علاقے کی طرف روانہ کروادیا ہے ۔ تاہم روڈ بندش کے باعث گندم لے جانے والی گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق اپر چترال انتظامیہ اور سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے روڈ صاف کرکے ٹریفک بحال کرنے کے حوالے سے تا حال کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے ۔ ادھر بروغل کے عوامی حلقوں نے اپر چترال انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ کہ فوری طور پر روڈ کھولنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ تاکہ بروقت گندم کی ترسیل ممکن ہو سکے ۔ اور بروغل میں خوراک کی قلت پر قابو پایا جاسکے ۔
درین اثنا یہ اطلاع بھی ملی ہے ۔ کہ لاسپور وادی میں برفانی تودہ گرنے سے بھی روڈ بند ہو چکا ہے ۔ اور لوگوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔