لوئر چترال میں 50 پلے گراونڈز کی تعمیر اور کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ، براڈم کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح
لوئر چترال میں 50 پلے گراونڈز کی تعمیر اور کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ، براڈم کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال کے نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ براڈم میں نئے کرکٹ گراؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جو پورے ضلع میں 50 پلے گراونڈز کی تعمیر و بحالی کے جاری منصوبے کا حصہ ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر سمت دینے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
مقامی عمائدین اور کھلاڑیوں نے نئے کرکٹ گراؤنڈ کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سہولت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

