وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس، اے آئی پی کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے برج فنانسنگ کے طور پر 12 ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ
وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس، اے آئی پی کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے برج فنانسنگ کے طور پر 12 ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت منگل کے روز بذریعہ ویڈیو لنک ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پلان اور ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات پر غورو خوض کیا گیا اور ان پروگراموں میں شامل اضلاع کی سطح پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر فنانشل اور فیزیکل پراگریس اور دیگر اُمور کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اہم فیصلے کئے گئے ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اکرام اﷲ اور محمد عابد مجید کے علاوہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔متعلقہ حکام کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو ڈی ڈی پی اور ڈی ڈی آئی میں شامل منصوبوں کے مختلف پہلووں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ان پروگراموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے درکار فنڈز جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں ضم اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اے آئی پی کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے برج فنانسنگ کے طور پر 12 ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو معاملہ حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی حکومت کی طرف سے اے آئی پی کے فنڈز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی حکومت سے اے آئی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لئے بر وقت اور پورے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ ضم اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تاخیر سے لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے جبکہ عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر صوبائی حکومت اپنے وسائل سے ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کو فنڈنگ کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے ترقیاتی فنڈز کے اجراءمیں ضم اضلاع کو نظر انداز کرنا مسائل کو بڑھا رہا ہے۔ صوبائی حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے ضم اضلاع کے منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے لائحہ عمل اپنائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ متعلقہ حکام کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ ترقیاتی منصوبوں کی بہتر منصوبہ بندی، تیز رفتار عملدرآمد، فنڈز کے دانشمندانہ استعمال، ڈپلیکیشن کے خاتمے، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کی کیپیسٹی بلڈنگ انتہائی ضروری ہے جبکہ اس مقصد کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے سارے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے پر کام کیا جائے۔ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر قابل قبول نہیںہے ، منصوبوں پر کام کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کے موجودہ نظام کو بھی مزید موثر بنایا جائے۔
َِ<><><><><><>
