ہسپتالوں میں جراحی کے بڑے عوامل سے قبل ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ لازمی قرار ، صوبے کے تمام ہسپتالوں کو مراسلہ جاری
ہسپتالوں میں جراحی کے بڑے عوامل سے قبل ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ لازمی قرار ، صوبے کے تمام ہسپتالوں کو مراسلہ جاری
ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کو ایچ آئی وی اور ایڈز کی سکریننگ بارے مراسلہ جاری کر دیا
فیصلے کا مقصد ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنا اور آلات جراحی کے استعمال کو محفوظ بنانا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شوکت علی
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر کے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ایچ آئی وی / ایڈز کی سکریننگ کے بارے میں مراسلہ بھیج دیا ہے جس کے مطابق ہسپتالوں میں جراحی کے بڑے عوامل سے قبل ایچ آئی وی ایڈز کی سکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت ڈاکٹر شوکت علی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز کی بڑھتی ہوئی شرح کے تناظر اور عوام کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنا اور آلات جراحی کے استعمال کو محفوظ بنانا ہے ڈاکٹر شوکت علی نے مزید بتایا کہ سکریننگ سے عملے کو پتہ چل جاتا ہے کہ اگر کسی کو ایچ آئی وی ایڈز یا کالا یرقان ہے تو اس کیلئے علیحدہ آلات جراحی کا استعمال کیا جائے جبکہ ایچ آئی وی ایڈز کے متاثرہ افراد کیلئے علیحدہ یا خصوصی آپریشن تھیٹرز کا انتظام بھی ممکن ہوسکے گا۔انھوں نے کہا کہ اس وقت صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 6300 ہے۔
حالیہ شندور فیسٹیول میں اندازے سے زیادہ سیاحوں نے شرکت کی۔ ظفر محمود
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) نگران وزیراعلی خیبر پختونخواکے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثار قدیمہ ظفر محمود نے کہا ہے کہ نگران حکو مت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ پسماندہ اور دور درازعلاقوں کے لوگوں کو بروقت بنیادی سہولیات اور ان کے تمام جائز حقوق مل سکیں، انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے اقدامات کی بدولت خیبر پختونخوا ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کا مرکز بن رہا ہے حالیہ شندور فیسٹیول میں اندازے سے زیادہ سیاحوں نے شرکت کی۔ وہ اپنے دفتر پشاور میں سابق ناظم اتروڑگجرگھبرال ملک محمد خان کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفدسے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر قاضی محمد عالم چیئرمین گوجری ادب سوات مولانا محمد اقبال اور ملک داؤد بھی موجود تھے۔ وفد نے ضلع سوات کے سیاحتی مقامات میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیر و مرمت صحت، تعلیم، جنگلات کی ناجائز کٹائی اور دیگر مسائل پیش کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا ظفر محمود نے کہا کہ نگران حکومت عوام کو درپیش مسائل عوامی امنگوں کے مطابق حل کر رہی ہے اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور عوام بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سوات میں تمام افسران عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بروقت اور عملی اقدامات کریں تاکہ پسماندہ علاقوں کے لوگ بھی ترقی کر سکیں۔انہوں نے سابق ناظم کی جانب سے دورہ سوات کی دعوت کو قبول کیا وفد نے معروضات توجہ سے سننے اور ان کے حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر ظفر محمود کا شکریہ ادا کیا اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔