ایم این اے چترال عبدالطیف چترالی کا عدالت کے سامنے سرنڈر، اڈیالہ جیل منتقل
ایم این اے چترال عبدالطیف چترالی کا عدالت کے سامنے سرنڈر، اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد (چترال ٹائمزرپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ایم این اے چترال عبداللطیف چترالی نے اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں خود کو عدالت کے سامنے پیش کر دیا۔ عدالت نے کارروائی کے بعد انہیں دس سال قید کی سزا سناتے ہوئے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ذرائع کے مطابق عبداللطیف چترالی نے باقاعدہ طور پر انسداد دہشت گردی عدالت کے روبرو سرنڈر کیا اور عدالتی عمل مکمل ہونے کے بعد پولیس کی تحویل میں انہیں جیل منتقل کر دیا گیا۔چترال اور دیگر علاقوں میں ان کے سیاسی کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے اس فیصلے پر ردعمل سامنے آ رہا ہے جبکہ ان کے وکلاء نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ہائی کورٹ میں اپیل کا حق استعمال کریں گے۔عدالت میں سرنڈر کرنے سے پہلے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہاکہ جس مقدمہ میں مجھے سزاسنائی گئی ہے اّس سے میرا دور کا بھی تعلق نہیں ہے، یہ ایک سیاسی انتقام ہے ، ہم سے انتخابی نشان چھینا گیا، ہمیں الیکشن لڑے سے روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا ، مگر سب میں جب ناکام رہے ، توہمیں ناکردہ گناہ کی سزا دی جارہی ہے ، ہم چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، امید ہے کہ عدالتوں سے ہمیں انصاف ملے گا۔



