The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 23 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن صوبے میں شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار اداکررہی ہے، ڈی ای او مفتاح الدین کا تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب

Posted on

ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن صوبے میں شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار اداکررہی ہے، ڈی ای او مفتاح الدین کا تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام، ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور یونیسیف کے تعاون سے جی سی ایس اسکولوں کے اساتذہ کے لیے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ ہفتے کے روز سینٹینل ماڈل ہائی اسکول چترال میں اختتام پذیر ہو گئی۔ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کلاس روم مینجمنٹ، طلبہ کی حوصلہ افزائی، جسمانی سزا اور نامناسب الفاظ کے استعمال سے اجتناب، اور تمام طلبہ کو یکساں توجہ دینے جیسے اہم موضوعات پر عملی تربیت دی گئی۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل لوئر چترال مفتاح الدین تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن لوئر چترال نعیم اللہ، پرنسپل سینٹینل ماڈل ہائی اسکول عبدالباری، احسان اللہ، انعام اللہ، ماسٹر ٹرینر پرنسپل فرخندہ جبین، رابعہ اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر نعیم اللہ نے بتایا کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2002 سے چترال میں تعلیمی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لوئر چترال میں فاؤنڈیشن کے 117 اسکولوں میں پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں جبکہ 161 سے زائد اساتذہ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کے لیے لوئر چترال کے تین مختلف مقامات دروش، گرم چشمہ اور چترال ٹاؤن میں تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے۔

ماسٹر ٹرینر پرنسپل فرخندہ جبین نے اپنے خطاب میں تربیتی سیشن کے دوران اساتذہ کی دلچسپی اور بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تربیت کے مثبت اثرات براہِ راست کلاس رومز تک منتقل ہوں گے اور طلبہ اس سے مستفید ہوں گے۔

تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مس عضرہ اور دیگر مقررین نے ورکشاپ کو نہایت مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت کے دوران کلاس روم مینجمنٹ، مثبت تعلیمی ماحول کی تشکیل، طلبہ کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور جدید تدریسی طریقوں کے بارے میں قیمتی رہنمائی حاصل ہوئی۔ اساتذہ نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال مفتاح الدین نے تربیتی ورکشاپ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تربیت سے اساتذہ جدید تقاضوں کے مطابق بچوں کی بہتر تربیت اور رہنمائی کر سکیں گے۔ انہوں نے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صوبے میں شرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چترال تعلیم کے لحاظ سے ایک زرخیز خطہ ہے جہاں علم دوست اور باشعور لوگ بستے ہیں، جس کے باعث علاقے میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن غیر رسمی تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور کمیونٹی اسکولوں و نجی اداروں کے تعاون سے تعلیم سے محروم بچوں کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کر رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت ایٹا کے ذریعے شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتیوں کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں کسی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بعض بے بنیاد خبروں کو مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 9

chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 11

chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 13

chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 21 chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 16

chitraltimes gcs school teachers training organized by esefkp 22 chitraltimes gcs school workshop ends certification 1 chitraltimes gcs school workshop ends certification 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
117209

ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کےاساتذہ کی تنخواہیں 15 ہزار سے بڑھا کر21ہزار روپے کردی گئی ہے۔ شہرام ترکی

فاؤنڈیشن کے سکولوں میں ایک لاکھ 51ہزار 9 سو 46طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں جن میں 93 ہزار 30لڑکیاں اور 85 ہزار 9سو 16 لڑکے ہیں
3ہزار ایک سو 45 خواتین اساتذہ ان سکولوں میں طلباء وطالبات کو پڑھا رہی ہیں

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے تقریب پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی تھے۔ تقریب میں سیکرٹری ایجوکیشن معتصم باللہ شاہ، مینجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ظریف المعانی، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر جاوید خان سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر، والدین وطلباء طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ سکولوں سے باہر طلباء کو سکولوں میں لانے اور وہ علاقے جہاں پر سرکاری سکولوں کی سہولیات میسر نہیں تھے کے لئے یہ فاؤنڈیشن قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے موجودہ منیجنگ ڈائریکٹر ظریف المعانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے فاؤنڈیشن کی کارکردگی میں بہت بہتری آئی ہے۔ فاؤنڈیشن کے تمام سکولوں میں طلباء و اساتذہ کے ریکارڈ اور درس و تدریس کے نظام کو مکمل ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔ 2سالوں سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کو 837 ملین روپے ادا کیے گئے۔ 68 پارٹنر سکولوں کو 26ملین سے زائد روپے کی ادائیکی کی گئی۔ جبکہ اساتذہ کی تنخواہیں 15 ہزار سے بڑھا کر21ہزار روپے کردی گئی ہے۔

طلباء و طالبات کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور ایک لاکھ 51 ہزار 9سو 46 طلباء و طالبات فاؤنڈیشن کے سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ جن کو 3 ہزار ایک سو 45 خواتین اساتذہ تعلیم دے رہی ہیں۔ جبکہ امسال مزید ایک ہزار سکول شامل کرکے اسکولوں کی تعداد 1900 تک پہنچ جائے گی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن کی بہترین کارکردگی کو مد منظر رکھ کر فاؤنڈیشن کے ذہین طلباء و طالبات کو صوبائی حکومت کی طرف سے جاری سکالر شپس پروگرامز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے طلباء و طالبات مختلف بہترین تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم کے لئے میرٹ پر داخلے لیتے ہیں جبکہ اگلے سال سے فاؤنڈیشن کے سکولوں کو مڈل اور ہائی لیول تک اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ جہاں پر چھٹی جماعت سے اوپر کی تعلیم دی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے پورے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی وجہ سے اب پورا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہے۔ بہترین کارکردگی کی بدولت 22 سو ملین سے زیادہ بجٹ ریلیز کیا جا چکا ہے جب کہ امسال بھی ایک ارب روپے کا بجٹ مختص ہے۔

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ امسال نئے شروع کردہ پروگرام نئے سکول (NSI) کے تحت صوبے کے ہر اس علاقے میں سکول بنائے جائیں گے جہاں شراکت داری بنیادوں پر سرکاری سکول موجود نہیں۔ جہاں تعلیم کو فروغ دے کر ان علاقوں میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ شہرام خان ترکئی نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت روز اول سے ترجیح رہی ہے اور ہمارے انقلابی اقدامات باقی صوبوں کے لیے مثال ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کی جاری پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 6ارب روپے کی لاگت سے تقریبا 24 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو فرنیچرز دیا جا رہا ہے۔ 25ہزار سے زائد اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی کا عمل جاری ہے اور ضرورت کے مطابق پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ 12 سو سے زائد سکولوں میں سیکنڈ شفٹ سکول پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے جس میں 25 ہزار سے زائد طلباء وطالبات کو تعلیم دیا جا رہا ہے یہ صرف وہ طلباء ہے جنہوں نے مجبوری یا پھر سکول دور ہونے کی وجہ سے تعلیم ادھوری چھوڑی تھی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ آئی ٹی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ارلی ایج پروگرام اور ٹیبلیٹ ان اے سکول پروگرام کے ذریعے تمام سکولوں کے درس وتدریس کا نظام مکمل ڈیجیٹائز ہو جائے گا۔

shahram khan tarakai

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
59372