Chitral Times

ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی اساتذہ گزشتہ ایک سال سے تنخواہوں‌سے محروم

Posted on

چترال (محکم الدین ) حکومت خیبر پختونخوا کی ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر انتطام چلنے والے گورنمنٹ گرلز کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ گذشتہ ایک سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ جس کی وجہ سے اُن کے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں،اور اُنہیں انتہائی قابل رحم بنا دیا ہے۔ لیکن انصاف کی حکومت اُنہیں انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ چترال میں کمیونٹی گرلز سکولوں کی تعداد تقریبا 70ہے۔ جس میں سینکڑوں طلبہ تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ یہ وہ طلبہ ہیں جو دیگر سرکاری سکولوں سے دور رہنے کی وجہ سے حصول تعلیم سے محروم رہتی ہیں۔ حکومت کے نا انصافی کے شکار جی جی سی سکولوں کے اساتذہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا۔ کہ انڈپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ ماہوار ان کے سکولوں کی وزٹ کرتی ہے۔ اور باوجود تنخواہیں نہ ملنے کے اساتذہ اپنے سکول با قاعدگی سے چلاتی ہیں۔ اور اپنے حالات کے بارے میں بھی آئی ایم یو کو آگاہ کرتے ہیں۔ لیکن افسوس کہ آج تک کوئی شنوائی نہیں ہو ئی۔ اس لئے وہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ وہ گذشتہ دو عشروں سے قوم کے نو نہالوں کو تعلیم دے رہی ہیں۔ اس لئے ہونا تو یہ چاہیے تھا۔ کہ اُن کی ملازمت مستقل کرنے کے ساتھ ساتھ تنخواہیں بلا تاخیر اُنہیں دی جاتیں ۔ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے۔ کہ اُنہیں پر مننٹ کی جارہی ہے اور نہ تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا۔ کہ ایک طرف موجودہ وقت میں اشیاء خوردو نوش اور اشیاء صرف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اور دوسری طرف حکومت اُن کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہی۔ ایسے میں اجتماعی خود کُشی کے سوا اُن کے پا س کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے اپیل کی۔ کہ اُنہیں احتجاج کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ اور اُن پر رحم کرکے تنخواہیں ادا کی جائیں۔ تاکہ وہ زندہ رہ سکیں۔ انہوں نے فوری طور پر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
30276