جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایران و فلسطین پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف چترال میں احتجاجی مظاہرہ
جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایران و فلسطین پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف چترال میں احتجاجی مظاہرہ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے جماعت اسلامی لوئر چترال کے زیر اہتمام اتالیق بازار چترال میں ایران اور فلسطین پر جاری امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ ہوا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین، نائب امیر مولانا جمشید احمد، قیم جماعت اسلامی فضل ربی جان، معروف دینی رہنما قاضی سلامت اللّٰہ اور شجاع الحق بیگ نے کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ایران و فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔ مقررین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی تجویز کو انسانیت کی توہین قرار دیا اور اس کی شدید مذمت کی۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران “امریکہ مردہ باد” اور “اسرائیل مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی و صہیونی مظالم کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کریں اور امت مسلمہ کے اتحاد کو عملی جامہ پہنائیں۔
دریں اثنا امیر ضلع وجیہ الدین نے چترال کے مسائل پر بھی خطاب کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ، سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالات اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تقسیم میں بد انتظامی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا،آخر میں مظاہرین نے پرامن طور پر احتجاج ریکارڈ کروا کر منتشر ہوئے۔
