The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 30 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اپر چترال میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے امن ریلیاں، عوام کی بھرپور شرکت

اپر چترال میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے امن ریلیاں، عوام کی بھرپور شرکت

اپر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) افواجِ پاکستان اور دیگر سیکیورٹی فورسز سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام ایک بڑی امن ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے کی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، محکمہ پولیس کے اہلکاروں، ٹریڈ یونین اور ٹرانسپورٹ یونین کے صدور و نمائندگان، کاروباری شخصیات، ٹرانسپورٹرز اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

شرکائے ریلی نے “پاکستان زندہ باد”، “افواجِ پاکستان زندہ باد”، “پاکستان پولیس زندہ باد”، “سیکیورٹی ایجنسیاں زندہ باد” اور “چترال لیویز زندہ باد” کے نعرے بلند کیے اور قومی یکجہتی، امن اور ملکی دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں مستوج میں بھی افواجِ پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک امن ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی نے کی۔ ریلی میں کثیر تعداد میں تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن موڑکہو کے زیر اہتمام موڑکہو وریجون میں بھی اظہارِ یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ٹی ایم او موڑکہو تورکہو شفیق احمد نے کی ۔ ریلی ڑائبہتی بازار سے شروع ہو کر بازار چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں ٹی ایم اے اسٹاف، تاجر برادری، دکاندار حضرات اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران “نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ آخر میں وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

chitraltimes upper chitral solidarity rally with pak 7 chitraltimes upper chitral solidarity rally with pak 5

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
118342