اپرچترال کے ہیڈ کوارٹر بونی میں ڈپٹی کمشنر کے زیرصدارت کھلی کچہری کا انعقاد، بونی کےجملہ مسائل کے حل اور کمسن موٹرسائیکلسٹ کے خلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی
اپرچترال کے ہیڈ کوارٹر بونی میں ڈپٹی کمشنر کے زیرصدارت کھلی کچہری کا انعقاد، بونی کےجملہ مسائل کے حل اور کمسن موٹرسائیکلسٹ کے خلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا عوامی ایجنڈا کے تحت ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام بازار سے منسلک مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں تحصیل میونسپل انتظامیہ مستوج کے ہال میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال عتیق شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/تورکہو عیسیٰ محمد خان ،ڈی،ایس،پی ہیڈکوارٹر امیر علی شاہ ،لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور نمائندے، بازار یونین کے صدر و سیکریٹری اور کثیر تعداد میں ہیڈکوارٹر بونی بازار کے کاروباری حضرات نے شرکت کیں۔
کھلی کچہری میں ٹریڈ یونین کے صدر اور دیگر حضرات نے ٹھوس مسائل گوش گزار کئے۔جن میں بونی چوک تا بی۔ایم۔سی تک روڈ میں اسفالٹ کا کام شروع کرنا، بازار ایریا میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بازار ایریا میں آوارہ کتوں کو ختم کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کرنا، بونی بازار کی تزین و آرائش کا کام شروع کرنا، نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے لائحہ عمل طے کرنا، اڈوں میں خواتین کے لئے انتظار گاہ کا قیام، نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا،کمسن موٹر سائیکلسٹ کے خلاف ایکشن لینا، ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھانا، غیر معیار فوڈ آئٹمز کی روک تھام کے لئے اقدامات ، وزن سے کم چکن کو چیک پوسٹ سے واپس کرنا، بازار ایریا کی صفائی کے لئے مناسب اقدامات وغیرہ وغیرہ جیسے مسائل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متذکرہ تمام مسائل اپنے ساتھ نوٹ کئے اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ بازار سے جڑے ہوئے ذکر شدہ تمام مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کریں اور اس حوالے سے پراگریس رپورٹ جمع کریں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے جملہ شراکاء کو یقین دلایا کہ ون ویلنگ سمیت نو عمر بائیکرز کے خلاف ایکشن لینے کے لئے آج سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور انہوں نے ڈی،ایس،پی کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے آج سے پلان ترتیب دیں۔ٹریڈ یونین کے صدر اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹریڈ سے منسلک مسائل کو حل کرنے کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور بازار سے جڑے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

