The Voice of Chitral since 2004
Friday, 13 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اپرچترال کی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 7دن کی مہلت،بھرپوراحتجاج کی دھمکی..تحریک حقوق

بونی (چترال ٹائمزرپورٹ )‌ تحریک حقوق عوام اپر چترال کے نمائندگان نے ایک پریس کانفرس میں محکمہ بجلی، حکومت وقت، اور سیاسی نمائندوں کوآگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فوری طور پر 3.5 میگا واٹ کی بجلی اپر چترال کے مجسٹریٹ اور حقوق عوام کے مفاہمت سے طے شدہ شیڈول کے مطابق تمام علاقوں کو دی جائے۔

تحریک حقوق عوام اپر چترال کے نمائندگان رحمت سلام لال، سلامت خان، پرویز لال، میر ایوب،نادر جنگ، وزیر شاہ اور دوسروں نے متعلقہ اداروں اور موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اورساتھ تحریک حقوق عوام اپر چترال نے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کہ انہوں نے انتہائی سخت موسمی حالات کے باوجود اپنے حق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکلے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

انھوں نے کہا کہ 3 فروری کو اپر چترال کے عوام نے بونی میں ایک عظیم الشان جلسہ کیا تھا اور جلسہ کے بعد عوام کو گولین گول پاور ہاوس کی طرف مارچ کر نا تھا لیکن MPA چترال مولا نا ہدایت الرحمن کی یقین دہانی پر جلسہ کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ اس کے دوسرے دن MPA چترال مولا نا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں تحریک حقوق کا وفد گولین گول پاور ہاوس میں مجسٹریٹ اپر چترال، لوئر چترال اور دونوں اداروں یعنی واپڈااور پیڈو کے ذمہ داروں کی موجودگی میں گولین گول پاور ہاوس میں پیدا ہونے والی 7 میگا واٹ بجلی کی اپر چترال اور لوئر چترال میں مساوی تقسیم پر رضامند ہوئے۔اس کے بعد AC اپر چترال، ذمہ داران پیڈو اورتحریک حقوق کے ذمہ داروں کی موجودگی میں ایک شیڈول مرتب کیا گیا۔ مگر محکمہ پیڈو کے ذمہ داران نے اس شیڈول کو بھی پاؤں تلے روند ڈالا۔ اب عوام اپر چترال کے برداشت کا پیمانہ لبریز ہو چکاہے انھوں‌نے مطالبہ کیاکہ محکمہ پیڈو کا ریجنل افس ہیڈ کوارٹر بونی منتقل کیا جائے۔

انھوں‌نے کہا کہ گولین گول پاور ہاوس کے ڈیم میں وافر مقدار میں پانی ضائع ہو رہا ہے جلد ازجلد اس کی مرمت کی جائے اگر حکومت کے پاس پیسے نہیں ہے تو اپر چترال کے عوام کو اجازت دی جائے تاکہ عوام اپنی مدد آپ کے تحت اس کی مرمت کر سکیں۔ انھوں‌نے کہا کہ اپر چترال کے عوام آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مداخلت کر کے عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اپر چترال میں غریب عوام کے ساتھ ساتھ شہدا کے لواحقین بھی بجلی جیسی عظیم نعمت سے محروم ہیں۔

انھوں حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر7 دن کے اندر اندر یہ تمام مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو عوام کا ردعمل بہت شدید ہوگا، جس میں لانگ مارچ، شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کیا جائیگا اور اس میں کوئی بھی بدامنی یا نا خوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پیڈو، مو جودہ حکومت اور ذمہ دار اداروں پر عائد ہوگی۔
tahrik huquq upper chitral bijli masla 2

tahrik huquq upper chitral bijli masla 1

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
32079

اپرچترال کی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مسلسل کوشش کررہے ہیں.احتجاج اُنکا حق ہے…وزیرزادہ

Posted on

چترال ( محکم الدین ) اقلیتی رکن اسمبلی وزیر زادہ نے کہا ہے ۔ کہ صوبائی حکومت کو اپر چترال کی بجلی کی بندش کے حوالے سے انتہائی تشویش ہے۔ اور اس سلسلے میں ہرممکن اقدامات کئے جارہےہیں ۔ پشاور سے ٹیلیفون پرچترال ٹائمزڈآٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نےکہا ۔ کہ ایک کروڑ 37 لاکھ روپےکی لاگت سے 7میگاواٹ ہائی ولٹیج ٹرانسفارمر کا ٹینڈر ہو چکا ہے۔ تاہم اس کی تیاری اور تنصیب میں تین مہینے درکار ہیں ۔ جبکہ 58 کروڑ کی لاگت سے ریشن ہائیڈل کی مشینری ٹینڈر کے بعد تیار ہو کر پاکستان پہنچنے والی ہیں ۔ اور 15کروڑ کا سول ورک ٹینڈرہو چکا ہے۔ ان کے علاوہ ایک کروڑ روپے ڈسٹری بیوشن لائن کی بہتری پر خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ بجلی کے حوالے سے پیڈو آفس میں اجلاس بلاکر اپر چترال کے عوام کی مشکلات سے پیڈو کو آگاہ کیا تھا ۔ اس اجلاس میں ایم پی اے چترال مولانا ہدایت الرحمن بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میری اور مولانا ہدایت الرحمن کی بھر پور کوشش ہے ۔ کہ جلد از جلداپر چترال کے لوگوں کی مشکلات دور کی جائیں۔ لیکن بعض تیکنیکی مسائل آڑے آنے کی وجہ سے باوجود کوششوں کے مجبورا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سابق ایم پی ایز اگر اس سلسلے میں کوشش کرتے تو اپر چترال کی بجلی کا مسلہ بہت پہلے حل ہو چکا ہوتا۔ لیکن افسوس اس طرف توجہ نہیں دی گئی ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ تحریک تحفظ حقوق اپر چترال اگر مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرتی ہے ۔ تویہ ان کا حق ہے ۔ لیکن ان کو موجودہ حکومت کے مثبت کام بھی نظر آنے چاہئیں ۔ ہر چیز کو منفی رنگ دینے کی بجائے اپر چترال ضلع کی نوٹفیکیشن , پوسٹوں کا اعلان اور اب ریشن بجلی گھر کے حوالے سے کئے جانے والےکام کی پزیرائی بھی ہونی چاہیئے ۔ انہوں نےکہا ۔ کہ تحریک تحفظ حقوق اپر چترال کی طرف سے حکومت کی مسلسل مخالفت سے اس بات کو تقویت مل رہی ہے ۔ کہ بجلی کی آڑ میں سیاست کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جو کہ اچھی بات نہیں ۔ ہمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے مثبت رویہ اپنانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا ۔مجھے اپر چترال کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ۔ اور میری پوری کو شش ہے ۔ کہ برسر اقتدار پارٹی کے نمایندے کی حیثیت سے چترال کے عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ میں چترال کی سڑکوں کی تعمیر و بہتری سے بھی غافل نہیں ہوں ۔ چترال کی دو اہم سڑکوں کی تعمیر کی راہ میں تیکنیکی امور نمٹائے گئے ہیں ۔ اب کالاش ویلزروڈ اور گرم چشمہ روڈ تعمیر کے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں ۔ انشااللہ دیگر روڈز بھی بتدریج تعمیر کئے جائیں گے ۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
20056