اپرچترال میں سیلابی صورت حال، وزیراعلیٰ کا ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنیکی ہدایت، اپرچترال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی
اپرچترال میں سیلابی صورت حال، وزیراعلیٰ کا ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنیکی ہدایت، اپرچترال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ضلع اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں گلیشیئر پھٹنے سے بونی گول میں پیدا شدہ سیلابی صورتحال پر ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے اوربونی گول کے آس پاس آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اور درپیش صورتحال میں جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،نقصانات کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں فوری طور پر شروع کی جائیں اور اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر مکمل کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ گلیشیئر پھٹنے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں صوبائی حکومت کو بروقت آگاہ رکھا جائے۔
دریں اثنا صوبائی حکومت نے سیلابی صورت حال کےپیش نظر اپر چترال میں ایمرجنسی نافذ کردیا ہے۔ سیکریٹری ریلیف اینڈ ریہبلٹیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی ۳۰اگست تک نافذ عمل رہیگا۔
