The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 3 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اپرچترال ؛ عوامی فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات کا مطالبہ، انصاف لائرز فورم

Posted on

اپرچترال ؛ عوامی فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات کا مطالبہ، انصاف لائرز فورم

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) انصاف لائرز فورم اپر چترال (ILF) کا ایک اہم اجلاس فورم کے صدر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حکومتی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ انصاف لائرز فورم تحریک انصاف کے ویژن، آئین کی بالادستی اور رول آف لا کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد بلا تعطل جاری رکھے گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ انصاف لائرز فورم اپر چترال پاکستان کو ایک فری، کرپشن فری اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرتا رہے گا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کی حکمرانی اور شفاف نظامِ حکومت کے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔

انصاف لائرز فورم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپر چترال میں پانی، بجلی اور دیگر قدرتی وسائل کے بہتر اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سال 2024 کے دوران ڈیزاسٹر بحالی کی مد میں جاری کیے گئے فنڈز کے استعمال پر عوامی تشویش کا بھی اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ان فنڈز کے استعمال کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آ سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر انصاف لائرز فورم اپر چترال نے واضح کیا کہ عوامی فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف آواز بلند کرنا ان کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، اور عوامی مسائل کے حل، شفافیت اور جوابدہی کے لیے فورم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھے گا۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
117772