The Voice of Chitral since 2004
Friday, 6 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری

بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی۔اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی،اس ادارے سے کم لاگت بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہواجس میں ملک کے توانائی شعبے کی اصلاحات کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔پاک فورسز نے پاک افغان بارڈر پر افغان فورسز کی جارحیت کو ناکام بنا دیا۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او)کی تشکیل کی اصولی منظوری دے دی جس کی کابینہ سے توثیق کی جائے گی،آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹر کیا جائے گا۔آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا،اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی۔اس نظام سے بجلی کے صارفین کو تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنے کی سہولت فراہم ہو سکے گی۔ اس ادارے سے کم سے کم لاگت کی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس کو بجلی کے شعبے کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے اقدامات تیز اورموثر بنائے جائیں،بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے،بجلی شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

وفاقی حکومت کا 2 وزارتوں کو ضم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی حکومت نے 2 وزارتوں کو ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع وزارت آبی وسائل کے مطابق وزارت توانائی اور وزارت آبی وسائل کو ایک کر دیا جائے گا، دونوں وزارتوں کو ضم کرنے کی سمری تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔یہ وزارتیں ضم ہونے کے بعد انرجی، واپڈا، این ٹی ڈی سی سمیت تمام ذیلی ادارے اکٹھے ہو سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزارتیں پہلے بھی ایک ساتھ کام کرتی رہی ہیں، دونوں وزارتوں کا وزیر اور سیکریٹری بھی ایک ہی ہوا کرتا تھا۔وزارت آبی وسائل کے ذرائع کے مطابق ایک وزارت ہونے سے سالانہ اربوں روپے کے اخراجات کی بچت ہو سکے گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس انضمام سے اضافی اسٹاف، ٹرانسپورٹ اور دیگر ملازمین کو بھی کم کیا جا سکے گا، پانی و بجلی کے منصوبوں کی رفتار تیز ہو سکے گی۔وزارت آبی وسائل کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ متعدد دیگر وزارتوں کو بھی ضم کرنے پر غور کر رہی ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94195