خیبر پختونخوا حکومت نے چھوٹی صنعتوں کے انڈسٹریل اسٹیٹس اورپارکس کیلئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،تنسیخ،ٹرانسفر اور واپسی کیلئے نئی پالیسی بنانے کیلئے بنیادی اور پہلا ڈرافٹ تیار کرلیا
خیبر پختونخوا حکومت نے چھوٹی صنعتوں کے انڈسٹریل اسٹیٹس اورپارکس کیلئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،تنسیخ،ٹرانسفر اور واپسی کیلئے نئی پالیسی بنانے کیلئے بنیادی اور پہلا ڈرافٹ تیار کرلیا
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا حکومت نے سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت چھوٹی صنعتوں کے انڈسٹریل اسٹیٹس اورپارکس کیلئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،تنسیخ،ٹرانسفر اور واپسی کیلئے نئی پالیسی بنانے کیلئے بنیادی اور پہلا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جسکا بغور جائزہ لیکر اسے ہر پہلو سے مفید اور قابل عمل بنانے کے بعد حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بدھ کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مجوزہ نئی پالیسی کے اہم نکات اور خدوخال کا جائزہ لیا گیا اور اس میں مزید بہتری لانے کیلئے کئی تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں سپیشل سیکریٹری صنعت محمد انور خان کے علاؤہ منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب اللہ عارف اورڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر صاحبزادہ ذوالفقار کے علاؤہ دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں نئی پالیسی کے بنیادی ڈرافٹ کے حوالے سے معاون خصوصی کو تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ نئی پالیسی حتمی منظوری کے بعد موجودہ اور آئندہ کے انڈسٹریل پارکس اور صنعتی بستیوں پر لاگو ہوگی۔نئی پالیسی کے مطابق پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے اپلائی کرنے کی سہولت آن لائن نظام پر دستیاب ہوگی جبکہ 20 دنوں میں ضروری کاغذی کوائف جمع کرنے کی سہولت میسرہوگی۔ اسی طرح کسی بھی پلاٹ کے حصول کیلئے پلاٹ کی پوری قیمت کا 25 فیصد ڈاؤن پیمنٹ جمع کرنی ہوگی جبکہ پالیسی کے تحت پلاٹ الاٹمنٹ کمیٹی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے درخواستوں کے جانچ پڑتال کیلئے متعلقہ فورم ہوگی۔
اس طرح 75 فیصد انسٹالمنٹ جمع کرنے کے بعد درخواست گزاروں کو(Provisional)عارضی الاٹمنٹ لیٹر جاری کییجائیں گے۔نئی پالیسی میں پلاٹوں کی تنسیخ،ٹرانسفر یا اسے ادارے کو واپس کرنے کیلئے بھی واضح طریقہ کار وضح کیا گیا ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ نئی پالیسی چھوٹی صنعتوں کے فروغ اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے انتہائی مددگار اور مفید ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پالیسی میں ہر پہلو سے صنعتکاری اور خواہشمند افراد کیلئے آسانیاں رکھنے کا خاص خیال رکھا جائے گا اور انکے لئییروایتی طویل مراحل کے بجائے نظام میں سہل طریقہ کار اپنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ نئے انڈسٹریل اسٹیٹس اور پارکس میں پہلی ترجیح بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر رکھی جائے کیونکہ اس مسلے کی موجودگی کی وجہ سے صنعتی بستیوں میں صنعتوں کے قیام میں بے جا طوالت اور تاخیر رونما ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ صنعتی بستیوں کے کمرشل پلاٹس کو ادارے کی پائداری کے مقصد کیلئے مفید استعمال میں لایا جائے۔