The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 23 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

داد بیداد ۔ امریکہ کے بغیر ۔ ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی

داد بیداد ۔ امریکہ کے بغیر ۔ ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی

چند سال پہلے یہ بات نا ممکن لگتی تھی کہ دنیا امریکہ کو چھوڑ کر آگے بڑھے گی ایک سال پہلے امریکہ نے سلا متی کونسل میں غزہ کے فلسطینی مسلما نوں پر حملے بند کرنے کی قرار داد کو آٹھویں بار ویٹو کر دیا توچینی نما ئیند ے نے نہا یت شائستہ اور جچے تُلے انداز میں کہا کہ ”اب وقت آگیا ہے جب دنیا امریکہ کے بغیر آگے بڑھے گی“ یہ بات پوری دنیا نے سن لی مگر کسی کو اس پر یقین نہیں آیا یہاں تک کہ 2026ء کا سال سر پر آیا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ اب امریکہ کے بغیر آگے بڑھنا ہو گا آپ اندازہ کریں کہ امریکہ کے خلا ف جو آواز ایران، افغا نستان، عراق، شام، فلسطین، لبنان، تیو نس اور یمن سے اُٹھتی تھی اب وہ آواز فرانس، جرمنی، برطانیہ،ڈنمارک،گرین لینڈاور کینڈا سے اُٹھ رہی ہے

آپ کو یہ جا ن کر حیرت ہو گی کہ امریکہ 38کھرب ڈالر کا مقروض ہے جس میں سے 22کھرب ڈالر جا پا ن کا قرض ہے 10کھرب ڈالر عوامی جمہوریہ چین کا قرض ہے، باقی 6کھرب ڈالر افریقہ کے دولت مند ملکوں کا قرض ہے اور یہ قرض امریکہ کی کل معیشت کا 83فیصد ہے اگر کسی دن امریکہ دیوالیہ ہوگیا تو ڈالر کا بیڑہ غرق ہوجائے گا، اقوام متحدہ، آئی ایم ایف اور ولڈ بینک پر امریکہ کی اجا رہ داری ختم ہو جا ئیگی سلا متی کونسل کی مستقل رکنیت اور ویٹو پاور امریکہ سے واپس لی جا ئیگی یوں دنیا امریکہ کے بغیر آگے بڑھے گی چند ہی سالوں میں یہ کیسے ممکن ہوا؟اس کے لئے فارسی کے بے بدل فلسفی، حکیم اور شاعر شیخ مصلح الدین سعدی شیرازی متوفی 1291ء کی لکھی ہوئی حکا یت پر غور کرنا ہو گا حکا یت یوں آئی ہے کہ ایک غنڈہ شریف لو گوں کو لا ت مار کر بھتہ وصول کرتا تھا

ایک دن اُس نے سعدی شیرازی کو لا ت مار کر بھتہ مانگنے لگا، بے چارے شاعر نے اُس کا شکریہ ادا کر کے دو چار اشرفیاں اُس کو دینے کے بعد شہر کے بڑے رئیس کی طرف اشارہ کر کے کہا اُس کو لا ت ماروگے تو بڑی دولت ملے گی غنڈے نے یہ بات پلے باندھ لی اور مو قع پا کر رئیس کو لا ت ما ری تو رئیس کے کارندوں نے مار مار کر اس کا کچو مر نکا ل دیا یہی حال امریکہ بہا در کا ہوا ہے اُس نے افغانستان اور عراق سمجھ کر وینز ویلا کے صدر پر ہا تھ اُٹھا یا، گرین لینڈ کو دھمکی دیدی،ایران اور ڈنمارک کو آنکھ دکھا ئی پھر یوں ہوا کہ وقت نے پلٹا کھا یا جنوبی امریکہ جا گ اٹھا چین نے انگڑائی لی،روس اور جا پا ن نے سر اُٹھا یا، کینڈا کے وزیر اعظم نے امریکی صدر کو للکارا سونے کا نر خ بازار میں ڈالرسے دگنا ہو گیا پوری دنیا میں امریکہ کے خلا ف محا ذ کھل گیا مسلما نوں کے سوا سب کو یقین آگیا کہ امریکہ کے بغیر دنیا آگے بڑھنے والی ہے ما یو سی کے عالم میں امریکہ نے ابراہام کارڈ کا شوشہ چھوڑا جو نا کام ہوا،

پھر امریکہ نے ”فرینڈ ز آف پیس“ کا جعلی منصو بہ پیش کیا، کسی معقول حکومت نے اس پر بھروسہ نہیں کیا آخری حر بہ یہ ہے کہ غزہ کی فلسطینی بستی پر امریکی قبضے کے لئے مسلمانوں کی فوج غزہ بھیجی جائے تاکہ یہودی سپا ہی کی جگہ مسلمان سپا ہی مسلمان فلسطینی سے لڑ تے ہوئے ما را جا ئے مگر چین،یورپ اور افریقہ نے دو ٹوک اعلا ن کیا ہے کہ ہم ایسا ہونے نہیں دینگے حرف آخر یہ ہے کہ امریکہ کی مو جو د گی میں امن قائم نہیں ہو سکتا، اگر دنیا میں امن قائم کرنا کسی کا خواب ہے تو یہ خواب امریکہ کے بغیر ہی شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے چینی قیا دت کی یہ بات سو فیصد درست ہے کہ دنیا امریکہ کے بغیر آگے بڑھ سکتی ہے۔

Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
117708