The Voice of Chitral since 2004
Friday, 6 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے اکثریتی فیصلے پر عمل کرنا ہو گا، سپریم کورٹ کے ججوں کی وضاحت

Posted on

الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے اکثریتی فیصلے پر عمل کرنا ہو گا، سپریم کورٹ کے ججوں کی وضاحت

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ جاری ہونے سے قبل سپریم کورٹ کے آٹھ ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اکثریتی فیصلے پر عمل کرنا ہو گا۔نجی ٹی وی کے مطابق مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ختم ہو گیا ہے اور ایک ایسے موقع پر جب الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ جلد متوقع ہے، مخصوص نشستوں پر اکثریتی فیصلہ سنانے والے ججوں نے ایک اور وضاحت جاری کردی ہے۔اکثریتی فیصلہ دینے والے سپریم کورٹ آٹھ ججوں نے اپنی دوسری وضاحت میں کہا کہ مخصوص نشستوں کا مختصر فیصلہ جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن اس حوالے سے ہونے والی ترمیم کا پابند نہیں۔اکثریتی فیصلہ دینے والے ججوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اکثریتی فیصلے پر عمل کرنا ہو گا اور الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر موثر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر موثر نہیں ہو سکتا۔عدالت عظمیٰ کے ججوں نے کہا کہ ہم تفصیلی فیصلہ آں ے سے پہلے بھی ایک وضاحت جاری کر چکے ہیں اور ہم نے وضاحت کے لیے رجوع کرنے کا حق اس لیے دیا تھا کہ مختصر حکم نامے پر عملدرآمد میں کوئی پریشانی نہ ہو۔انہوں نے اپنی وضاحت میں کہا کہ چونکہ اب تفصیلی فیصلہ جاری ہو چکا ہے، لہٰذا اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی اور تفصیلی فیصلے میں تمام تر قانونی و آئینی نکات کا احاطہ کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی نے مزید وضاحت کے لیے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اس لیے ہم ہم اب اتنی حد تک وضاحت کر دیتے ہیں کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے ہمارا حکم نامہ غیر مؤثر نہیں ہوتا۔

الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں پر مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں پر ہونے والا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے بڑی پیش رفت کی توقع تھی، تاہم ممبر پنجاب کے اجلاس میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے اہم اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی ختم ہوگیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس کے لیے سیکرٹری قومی اسمبلی الیکشن کمیشن پہنچے۔ ای سی پی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے نتیجے میں توقع کی جا رہی تھی کہ یہ مخصوص نشستوں کی صورت حال کو واضح کردے گا کہ حکمراں اتحاد کو ملیں گی یا سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کو۔حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں نے اضافی نشستوں پر نوٹی فائی اراکین کو وفاقی دارالحکومت میں طلب کر رکھا ہے جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دینے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں اضافی مخصوص نشستوں کے حامل ارکان کو معطل کر رکھا ہے اور اگر الیکشن کمیشن مخصوص نشستیں حکمران اتحاد اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو دینے کا فیصلہ سناتا ہے تو اس کے نتیجے میں انہیں دو تہائی اکثریت حاصل ہو جائے گی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94522