ملکی ترقی،خوشحالی ویکجہتی کیلئے اقلیتی برادری کا کردار قابل تحسین ہے،گورنر حاجی غلام علی
ملکی ترقی،خوشحالی ویکجہتی کیلئے اقلیتی برادری کا کردار قابل تحسین ہے،گورنر حاجی غلام علی
آئین پاکستان میں اقلیتوں کی مکمل مذہبی آزادی اور تمام حقوق کا تحفظ یقینی بنایاگیاہے،گورنر
گورنرسے آرتھوڈکس چرچ کے 10رکنی نمائندہ وفد کی ملاقات، مسیحی برادری کی خدمات، درپیش مسائل پرتبادلہ خیال
پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتا ہے،پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہے اور آئین پاکستان نے بھی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاگیاہے۔ امن واستحکام اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اقلیتی برادری کاکردار قابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاوس پشاور میں انگلیکین ارتھوڈکس چرچ آف پاکستان کے پادریوں پرمشتمل 10 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں بشپ ارنسٹ جیکب، پادری رزاق کھوکھر، پادری شہزاد، پادری آصف پرویز، پادری شبیل ناصر، سمسن جیکب، شوکت پرویز، جسٹن جیکب، آگسٹن جیکب اور رزاق ہزارہ شامل تھے۔ نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے مسیحی برادری کو درپیش بعض مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ وفد نے گورنرکوبتایا وہ گذشتہ 50 سال سے پاکستان اور صوبہ خیبرپختونخوا میں مسیحی کمیونٹی کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہے ہیں۔ وفد نے بتایاکہ نادرا میں انہیں شادی کی رجسٹریشن کے حوالے سے مسائل کاسامناکرنا پڑرہاہے جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے گورنر تجویز دی کہ مسیحی برادری کی شادی کی رجسٹریشن کیلئے پادری صاحبان یا چرچ کو نادرا کے رجسٹریشن نظام میں شامل کیا جائے تاکہ شادہ شدہ مسیحی خاندانوں کو بیرون ملک سفر کیلئے مشکلات سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے ضلع خیبرمیں مسیحی برادری کیلئے مختص قبرستان کیلئے چاردیواری کی تعمیرکی بھی درخواست کی۔ جس پر گورنر نے فوری طور پر ریجنل منیجر نادرا اور ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر سے رابطہ کرکے مسیحی برادری کودرپیش مسائل کاحل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ گورنرنے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں محب وطن ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا اہم کردار ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ اقلیتوں کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وفد نے پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی وشخصی آزادی پر موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا اورخاص طور پر مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں گورنر سے نگران وزیراعلی کے مشیر جرارحسین اور معاون خصوصی ملک مہر الہی نے بھی ملاقات کی اور صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔
