Chitraltimes Banner

اپر چترال: رمضان المبارک کے لیے اشیائے خوردونوش کے نئے نرخ مقرر، سخت چیکنگ کا فیصلہ

اپر چترال: رمضان المبارک کے لیے اشیائے خوردونوش کے نئے نرخ مقرر، سخت چیکنگ کا فیصلہ

۔
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کے نرخناموں پر نظرِ ثانی اور بالخصوص رمضان المبارک کے لیے مناسب نرخ مقرر کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/تورکہو، فنانس آفیسر اپر چترال، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، بازار یونین کے صدر و اراکین سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران رمضان المبارک سے قبل مقرر کردہ نرخناموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس ضمن میں تیمرگرہ، دیر اپر اور لوئر چترال میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کا جائزہ لیا گیا اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب مارجن کے ساتھ نرخ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج ہی سے تمام دکانوں کے اندر پینافلیکس کی صورت میں نرخنامے آویزاں کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نرخنامہ مرتب ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں گے اور مہنگا فروشی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے دفتر سے پیشگی اجازت کے بغیر مالِ مویشی کو دوسرے اضلاع منتقل کرنے پر پابندی عائد کی جائے گی، جس کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔

مزید برآں رمضان المبارک کے دوران خصوصی شکایتی ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جہاں عوام مہنگا فروشی سے متعلق اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز فوری کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔

اجلاس میں کاروباری حضرات کو ہدایت کی گئی کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائیں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے سے مکمل اجتناب کریں۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ ماہِ رمضان کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے عوام الناس کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مقررہ نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ضلعی انتظامیہ اپر چترال رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

دریں اثنا مختلف اشیائے خوردونوش کے نئے نرخ مقرر کیئے گئے ، اعلامیہ کے مطابق چھوٹا گوشت فی کلو ۱۳۰۰روپے، بڑا گوشت ۹۰۰، روٹی ۱۸۰گرام چالیس روپے اور پراٹھا فی عدد پچاس روپے مقرر کیا گیا۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
117934