مستوج؛ اسماعیلی کمیونٹی کی روحانی پیشوا پرنس رحیم کی ممکنہ آمد کے سلسلے میں دیدار گاہ کی تعمیر کا افتتاح
مستوج؛ اسماعیلی کمیونٹی کی روحانی پیشوا پرنس رحیم کی ممکنہ آمد کے سلسلے میں دیدار گاہ کی تعمیر کا افتتاح
مستوج ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال میں اسماعیلی برادری کے پچاسویں امام شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کی ممکنہ آمد کے سلسلے میں نصرگول پرواک کے مقام پر دیدار گاہ کی تعمیر کے افتتاح کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور باقاعدہ طور پر دیدار گاہ کی تعمیر کا افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال حمیداللہ، اسماعیلی کونسل کے صدر امتیاز، علماء کرام، اسکالرز، کونسل کے عہدیداران اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقے میں خوشی اور جوش و خروش کی فضا دیکھنے میں آئی، جبکہ شرکاء نے امامِ وقت کی ممکنہ آمد کو اپنے لیے باعثِ افتخار اور سعادت قرار دیا۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے کہا کہ شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کی اپر چترال آمد نہ صرف ان کے پیروکاروں کے لیے روحانی مسرت کا باعث ہوگی بلکہ اس سے علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں اور سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس تاریخی موقع کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ انتظامات مثالی ہوں اور عوام کو سہولت میسر آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی بطور رضاکار دیدار گاہ کی تیاری کے عمل میں حصہ لیں گے اور اس کی تکمیل تک ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور دیگر متعلقہ محکمے اسماعیلی کونسل کے شانہ بشانہ تعاون جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان کی اپر چترال آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور انہیں بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ تقریب میں سنی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے علما اور اکابرین بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ملک میں امن، استحکام اور علاقے کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔


