آپریشن ”عزم استحکام“ کیلیے 20 ارب روپے کی فوری منظوری
آپریشن ”عزم استحکام“ کیلیے 20 ارب روپے کی فوری منظوری
اسلام آباد(سی ایم لنکس) وفاقی کابینہ نے آپریشن ”عزم استحکام“ کے لیے فوری 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بھی آپریشن کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی تھی۔ انسداد دہشت گردی کے لیے وفاقی کابینہ اپنی مسلح افواج کی ہر ممکن مدد کرے گی۔نیشنل ایپکس کمیٹی میں آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی جس پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز، بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک سے زائد واقعات میں فوجی جوان اور شہریوں سمیت 50 کے قریب افراد شہید کر دیے گئے تھے۔ موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں دہشت گردی میں کئی بے گناہ شہریوں نے شہادت پائی تھی۔سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جواب دیتے ہوئے کلیئرنس آپریشنز میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
پیپلزپارٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو ظالمانہ قرار دے دیا
کراچی(چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ عطا مری نے حکومت کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلہ کو ظالمانہ اور انتہائی افسوسناک قرار دے دیا۔شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایسے فیصلے کرنے سے پہلے غور و فکر،بحث اور عوامی مشکلات کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے، حکومت کا ملک کے لوگوں کو سستی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کیلے ریلیف کا کوئی اور ادارہ نہیں ہے‘۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ غیر مناسب اور ظالمانہ ہے، عوام کی ضروریات کے پیش نظر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پچاس سال قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن قائم کی۔شازیہ مری نے کہا کہ اگر حکومت واقعی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو اس فیصلے کو فوری طور پرواپس لے۔واضح رہے کہ 23 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت صنعت و پیداوار کے اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیدوار نے انکشاف کیا تھا کہ رائٹ سائزنگ کے تحت وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا سوچ رہی ہے اور اس حوالے سے کمیٹی کے فیصلے کابینہ کو منظوری کیلیے بھیجے جائیں گے۔سیکریٹری انڈسٹریز نے بتایا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق وزارت صنعت و پیداوار عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان دے گی، ملازمین کے لیے پیکیج پر کام کیا جا رہا ہے، حکومت مالی مشکلات کے باعث نجکاری کر رہی ہے۔