آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول، چترال کے زیراہتمام 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر نعتیہ محافل کا انعقاد
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول، چترال کے زیراہتمام 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر نعتیہ محافل کا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول، چترال نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر نعتیہ محافل کا انعقاد کیا۔ یہ محافل حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی یاد میں منعقد کی گئیں۔ ان کا مقصد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس کے حضور اظہارِ تشکر، محبت اور عقیدت کے ساتھ ساتھ اُن کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو اجاگر کرنا تھا۔
یہ محافل دو حصوں میں منعقد ہوئیں. طلبہ کا پروگرام صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوکر ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہا جب کہ سیکنڈ شفٹ میں زیرِ تعلیم طالبات کا پروگرام دن ڈھائی بجے شروع ہوکرپانچ بجے تک جاری رہا. ان میں مختلف اداروں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانان شریک ہوئے۔ جن میں ائمہ مساجد، اسماعیلی کونسل کے نمائندگان، یونیورسٹی آف چترال، سرکاری و نجی اسکولز اور مدارس کے اساتذہ و لیکچرارز شامل تھے۔ اس کے علاوہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے اداروں کے نمائندگان اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ سرکاری اور نجی سکولوں میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال، گورنمنٹ سینٹینل ماڈل ہائی سکول چترال، دی لینگ لینڈ سکول چترال، اے کے ایف سکول قطیبہ کیمپس چترال، اے کے ایف سکول سٹی کیپمس چترال، یونیورسٹی آف چترال، گورنمنٹ مڈل سکول سین لشٹ، آغا خان سکول دولومس چترال، آغاخان سکول بوہتولی چترال، آر ایچ سی سین لشٹ وغیرہ کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا.
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور اس کے ترجمے سے ہوا جس نے محفل کو روحانی فضاء بخشی۔ بعد ازاں مختلف اداروں کے طلبہ نے عقیدت سے بھرپور نعتیہ کلام پیش کیے۔
طلباء کی محفل میں مہمانِ خصوصی، ضلعی خطیب مولانا فضل مولا نے خطاب میں تعلیم میں اسلامی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امت مسلمہ کی کمزوری اور پسماندگی کی وجہ علم و تحقیق میں پیچھے رہنا ہے.
اسی طرح ITREB لوئر چترال کے الواعظ سعید احمد نے روحانیت اور علم کے موضوع پر فکر انگیز خطاب فرمایا۔ پروگرام کے اختتام پر نعت خوان حضرات کو آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول چترال کی جانب سے اسناد اور قلم بطور یادگار پیش کیے گئے۔
پروگرام کے اختتام پر جنرل مینیجر، آغا خان ایجوکیشن سروس چترال و گلگت بلتستان بریگیڈیئر ریٹائرڈ خوش محمد خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں عملی زندگی، عصرِی علوم کے حصول اور امت و انسانیت کی خدمت پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے معاشرتی ہم آہنگی، برداشت اور رواداری کو بھی سیرتِ نبویؐ کے اہم اصول قرار دیے۔ مزید برآں، انہوں نے آغا خان ایجوکیشن سروس کے مشن کو اجاگر کیا، جس کے مطابق دینی و روحانی حکمت، عصری تعلیم کے ساتھ یکساں اہمیت رکھتی ہے۔
بعد از دوپہر سیکنڈ شفٹ کی طالبات کے لیے بھی نعتیہ پروگرام منعقد کیا گیا. جس میں چترال ٹاؤن کے مختلف سرکاری اور نجی سکولوں کی طالبات، اساتذہ اور دیگر خواتین مہمانوں نے شرکت کی.
جس کی نظامت کے فرائض کی سعادت فراز خان لیکچرر اسلامیات اور فضل رقیب لیکچرر اردو آغا خان ہایئر سیکنڈری سکول چترال نے سر انجام دیں۔ اور اس پر رونق محفل کی صدارت پرنسپل طفیل نواز نے کی۔اس بابرکت محفل میں مختلف سکولوں سے کل سترہ 17 نو نہال نعت خواں طالبات نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارک میں گلہائے عقیدت پیش کرنے سے شرف یاب ہوئے ۔
اس محفل میں نعت خوانی کے علاوہ سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم پر اظہار خیال کے لئے مس نازیہ حسین لیکچرر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چترال اور مس شاہین الواعظہ انطرب مدعو تھیں ۔ جنہوں نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کیں ۔ اسی طرح یہ بابرکت محفل دعائیہ کلمات کے ساتھ احتتام پذیر ہوئی ۔
محفل میں گورنمنٹ ڈگری کالج چترال کی لکچرر اسلامیات نازیہ حسین نے بطورِ گسٹ اسپیکر شرکت کی اور اپنے خطاب میں سیرت رسول صل اللہ علیہ والہ سلم کی پیروی اور اس کی ضرورت پر زور دیا. ITREB لوئر چترال سے الواعظہ شاہین نے بھی مہمان مقرِر کے طور پر خطاب کیا… اپنی گفتگو میں انہوں نے دورِ جدید میں انسان کی روحانی بالیدگی، امن، عفو و درگزر اور علم کی اہمیت پر روشنی ڈالی…. آخر میں نعت پیش کرنے والی بچیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے.
پروگرام کے اختتام پر آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال کے پرنسپل طفیل نواز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا… اس روحانی محفل میں بہترین نعت پیش کرنے پر بچیوں کو شاباش دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا.




