جوشی فیسٹیول کیلئے غیر ملکی سیاحوں نے چترال کا رخ کرلیا
چترال(چترال ٹائمز رپورٹ) کالاش ویلی میں منعقد ہونے والے چلم جوشٹ (جوشی ) فیسٹیول میں بین الاقوامی سیاحوں نے چترال آنا شروع کردیا، محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے سیاحوں کو چترال، کالاش ، بونی ،شندور، گرم چشمہ اور دیگر سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ساتھ ہی جوشی فیسٹیول میں ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج بنائی گئی ہے تاکہ سیاحوں کی کثیر تعداد کی صورت میں انہیں رہائشی سہولیات فراہم کی جاسکیں، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فرانسیسی اور آسٹریلین سیاحوں کی فیمیلز نے ٹورازم کارپوریشن کے چترال میں موجود انفارمیشن سنٹر کا دورہ کیا اس موقع پر وہاں موجود ٹی آئی سی انچارج زرین نے تمام سیاحوں کو چترال کے سیاحتی مقامات بارے معلومات فراہم کیں جبکہ ساتھ ہی ان سیاحوں نے کالاش میں 14مئی سے شروع ہونے والے جوشی فیسٹیول میں شرکت کی دلچسپی ظاہر کی، اس موقع پر سیاحوں کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے چترال میں سیاحوں کیلئے انفارمیشن سنٹر کا قیام احسن اقدام ہے اس سے سیاحوں کو چترال کے سیاحتی مقامات تک رسائی میں اہم معلومات مل رہی ہیں اوریہ معلومات ان مقامات تک پہنچنے میں بھی میسر ثابت ہورہی ہیں، سیاحوں کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو اس قسم کی سہولیات کی فراہمی سے خیبرپختونخوا میں سیاحت کو فروغ ملے گا ، ٹی آئی سی انچارج زرین نے سیاحوں کو چترال میں سیاحت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ چترال سیاحت کے لحاظ سے اہم ترین ضلع ہے اور ہر سال کثیر تعداد میں سیاح ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ چترال کی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے ۔