چترال کے طول وعرض میں وفقے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، سڑکیں لواری ٹنل سمیت ٹریفک کیلئے کھلی ہیں۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے طول وعرض میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں و بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں اپر چترال کے بالائی علاقوں اور لوٹ کوہ وادی میں 8انچ تک برف پڑنے کی اطلاعات موصول ہوگئی ہیں۔ لواری ٹنل کے اپروچ روڈ میں بھی برف پڑچکی ہے لیکن موٹر گاڑیوں کی ٹریفک جاری وساری بتائی جاتی ہے اور ضلعی انتظامیہ لویر چترال نے اپروچ روڈ کو کھلا رکھنے کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہیوی مشینری اسٹینڈ بائی رکھنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔ اپر چترال میں یارخون،لاسپور، تریچ، اویر روڈ ٹریفک کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ اُدھر شندور روڈ بھاری برفباری کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے۔ کئی دنوں سے بارش اور مطلع ابرآلودرہنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
