فرسٹ شہداء پولیس انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپیٹیشن فٹ بال ایونٹ کی فاتح لوئر چترال پولیس فٹبال ٹیم کا چترال پہنچنے پر شاندار استقبال
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر کے خصوصی دلچسپی سے فرسٹ شہداء پولیس انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپیٹیشن کا ملاکنڈ ڈویژن میں انعقاد کیا گیا جس میں ڈویژن کے تمام اضلاع کی پولیس ٹیموں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔
ان مقابلوں کا مقصد شہداء پولیس کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور فورس کے جوانوں میں یکجہتی و صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔سپورٹس کمپیٹیشن کے تحت مختلف اضلاع میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔
لوئر چترال پولیس فٹ بال ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹ بال ایونٹ کی فاتح قرار پائی۔ملاکنڈ ڈویژن کی چیمئین لوئر چترال پولیس فٹ بال ٹیم کا چترال پہنچنے پر عشریت، دروش اور سٹی چترال میں شاندار استقبال کیا گیا ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے فاتح ٹیم کا بلچ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں اپنے آفس میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا ۔
پروگرام میں ایس۔پی۔انوسٹی گیشن عتیق الرحمن، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل چترال سجاد حسین، انچارچ ڈی۔ایس۔بی انسپکٹر علی احمد ، لائن آفیسر SI قربان پناہ، پلئیرز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔