ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور پی ٹی آئی ضلعی صدر سکندر الملک کی یقین دہانی، مستوج بروغل روڈ تحریک کے زیراہتمام لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) مستوج بروغل روڈ تحریک کے زیر اہتمام لانگ مارچ کا فیصلہ ملتوی کردیا گیا ، چونکہ 16 ستمبر کو مستوج بروعل روڈ کے حوالے سے لانگ مارچ طے تھااس تناظر میں صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال شہزادہ سکندرالمک کی قیادت میں ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ ثریا بی بی کے ساتھ مستوج، بریپ اور بانگ کا دورہ کیا۔ دورے میں جنرل سیکریٹری پاکستان تحریک انصاف اپر چترال علاو الدین عرفی,نائب صدر حبیب اللہ شاہ، جائنٹ سیکریٹری عنایت لال، جائنٹ سیکریٹری سبخان الدین ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری جاویداختر اور فنانس سیکریٹری شیر طاوس اور تحصیل صدر تحصیل مستوج فضل قادر بابربھی ساتھ تھے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق مستوج میں سرپرست مستوج بروعل روڈ شہزادہ سراج المک سے تفصیلی ملاقات ہوئی جبکہ بانگ یارخون میں مستوج بروعل روڈ کابینہ کے ذمہ داران کے ساتھ اہم نشست منعقد ہوئی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ ثریا بی بی نے وضاحت کی کہ مستوج برو غل روڈ کے حوالے سے وہ پہلے بھی پشاور میں مقامی نمائندوں کو ساتھ لے کر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کر چکی ہیں جہاں وزیر اعلیٰ نے 20 کلومیٹر مستوج بروعل روڈ کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔
ڈپٹی اسپیکر نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کا PC-II پراسس مکمل ہو کر پی اینڈ ڈی میں موجود ہےجو بہت جلد اپروول کے بعد 15 کروڑ روپے کے ٹینڈر کے لیے بھیج دیا جائے گا۔ اس کے بعد منصوبے کا فزیبلٹی پلان اور باقاعدہ PC-I تیار ہوگاجس کے ذریعے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔اس اعلان پر مستوج بروعل روڈ کے ذمہ داران نے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ، صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال شہزادہ سکندرالمک اور پوری ڈسٹرکٹ کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے اختتام پر سرپرستِ اعلیٰ تحریک مستوج بروعل روڈ شہزادہ سراج المک نے صدر تحریک مستوج بروعل روڈ محمد وزیر اور عوام سے مشاورت کے بعد کل ہونے والے لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔