کالاش ویلی کے تینوں وادیوں میں زمین کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے سیاحتی مقام کالاش ویلی کے تینوں وادیوں بمبوریت، رمبور اور بیریر وادی میں غیر مقامی افراد کی جانب سے زمین کی خرید و فروخت پر دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لوئر چترال محمد ہاشم عظیم، کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ اقدام صوبائی حکومت کی کالاش ثقافت کے تحفظ اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے۔ غیر مقامی افراد کی جانب سے زمین کی خریداری کیلاش ثقافت کے لیے خطرہ بن رہی تھی، جس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہے اور ایک ماہ کی مدت تک نافذ رہے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

