خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے پاکستان میٹرولوجکل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مون سون بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کا حوالہ دیتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 27 جولائی سے 31 جولائی 2025 تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔اس دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم سمیت متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، گلیات، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریائے سوات، چترال اور پنجکوڑہ میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات میں حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول، ندی نالوں اور ڈرینج سسٹم کی صفائی، اور ایمرجنسی سروسز کی مکمل تیاری یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔کسانوں کو فصلوں کی جلد کٹائی اور محفوظ مقامات پر ذخیرہ کرنے اور مویشی پال افراد کو مویشیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران غیر محفوظ مقامات پر جانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔
