بمبوریت میں قائم ‘کیمپنگ پاڈز’ کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے کر دیے گئے
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سیاحتی ویژن کے تحت کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیرانتظام بمبوریت میں قائم ‘کیمپنگ پاڈز’ حوالے کر دیے گئے ہیں، جنہیں مقامی سطح پر ایک مستحکم اور پائیدار بزنس ماڈل کے تحت سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا کے دفتر میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (G2G) پالیسی کے تحت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں حبیب اللہ عارف ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور منہاس الدین ڈائریکٹر جنرل کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مفاہمت کی یادداشت / معاہدے پر دستخط کر دیے۔
تقریب میں سابقہ معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ اقلیتی امور وزیر زادہ، سیکرٹری ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ ڈاکٹر عبدالصمد، ممبران کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اور محکمہ سیاحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ چترال میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت وادی کیلاش کی مقامی کمیونٹی کی بہبود کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ کیلاشی برادری کے مذہبی رسومات اور تہواروں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کیمپنگ پاڈز کے انتظامات کو مقامی سطح پر چلانے سے نہ صرف سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی، بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ حکومت کا یہ اقدام سیاحت کے شعبے میں پائیدار ترقی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سیاحتی وژن کے تمام ڈیویلپمنٹ اتھارٹییز کو سیاحتی مقامات کو پرکشش اور قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے اور پوشیدہ سیاحتی خزانوں کو اُجاگر کرنے اور مقامی کمیونٹیز کو اس کے فوائد سے مستفید کرانا ترجیحات میں شامل ہے۔

