جماعت اسلامی لویر چترال نے مختلف سرکاری محکمہ جات میں ترقیاتی فنڈز میں مبینہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف “کرپشن مٹاؤ، چترال بچاؤ”مہم کا آغاز کردیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جماعت اسلامی لویر چترال نے مختلف سرکاری محکمہ جات میں ترقیاتی فنڈز میں مبینہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف “کرپشن مٹاؤ، چترال بچاؤ”مہم کا آغاز کردیا جوکہ کرپشن میں ملوث افسران، ان کے سہولت کاروں اور ٹھیکہ داروں کو قانون کی کٹہری میں لاکر قرار واقعی سزا دلوانے تک جاری رہے گی۔
جمعہ کے روز امیر ضلع وجیہہ الدین نے پارٹی کے ضلعی دفتر میں نائب امیر صوبہ مغفرت شاہ اور دوسرے رہنماؤں مولانا جمشید احمد،، عرفان عزیز، عبدالحق، شجاع الحق بیگ، مولانا خلیق احمد خان، قاضی سلامت اللہ، سجاد احمد خان، فیصل کمال ایڈوکیٹ اور دوسروں کی معیت میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشہ کئی سالوں سے چترال میں ترقیاتی کاموں کی مد میں آنے والے فنڈز وسیع پیمانے پر کرپشن کی نذر ہورہی ہے جس کا غیر جانندرانہ تحقیقات کرنے پر کوہستان میگا کرپشن اسکنڈل کو بھی لوگ بھول جائیں گے اور ان حالات میں جماعت اسلامی نے میدان عمل میں آکر کرپٹ اور چوروں کو للکارنے کا تہیہ کررکھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں یہ بدقسمت ضلع بدترین کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے جہاں کرپٹ مافیا منتخب نمائندوں کی ملی بھگت سے عوامی حقوق پر دن دہاڑے دیدہ دلیری کے ساتھ ڈاکہ ڈالنے میں مصروف ہیں اور یہاں ترقیاتی منصوبہ جات میں خرد برد،گھوسٹ اسکیمز اور پہلے سے مکمل شدہ منصوبوں کے نام پر فنڈز نکال کر بندر بانٹ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی نے اس حوالے سے مکمل ہوم ورک کرکے بدعنوانیوں ض کی تمام تر تفصیلات حاصل کرلی ہے جس کے مطابق ٹی ایم ایز، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں جبکہ چترال کی بیوٹی فیکیشن کے نام پر 32کروڑ روپے کے فنڈز میں خرد برد ہوئی ہے اور اسپورٹس کمپلیکس سیدآباد میں ایک ارب روپے سے خرچ کرنے کے باوجود پراجیکٹ تاحال نا مکمل ہے اور ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی نئی تعمیر شدہ عمارت ناقص کام کے باعث گزشتہ تین سالوں سے استعمال کے قابل نہیں ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما نے کہاکہ مہم کے پہلے مرحلے میں ہر ویلج کونسل کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا جس کے بعد وائٹ پیپر جاری کرکے کرپٹ مافیا کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا جبکہ عوامی دھرنے، دفاتر کی تالہ بندی سمیت دوسرے اپشن بھی اس مہم کا حصہ ہوں گے۔ آخر میں نائب صوبائی امیر اور سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ نے مطالبہ کیا کہ انوسٹی گیشن ایجنسیز ان بدعنوانیوں کی تحقیقات کرکے کرپٹ عناصر کو کیفر کردارتک پہنچائے، بصورت دیگر کرپٹ عناصر عوامی سخت ترین عوامی تحریک کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ ویلج چیرمین عبدالحق نے کہاکہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو چار سالوں تک ترقیاتی فنڈز اور اختیارات سے دور رکھنا بھی اس حکومت کی کرپشن کا بدترین مثال ہے۔


