چترال پولو ایسوسی ایشن ختم کرنے کا اقدام مسترد، سکردو میں پولو پلیئرز کی مذمتی قرارداد
.
سکردو (نمائندہ چترال ٹائمز) سکردو پولو ٹورنامنٹ میں شریک گلگت بلتستان، نگر، غذر اور چترال کے پولو پلیئرز کا ایک اہم اجلاس صدر گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن کاشف ضیاء کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں چترال پولو ایسوسی ایشن سے متعلق حالیہ اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں تمام پولو پلیئرز نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے چترال پولو ایسوسی ایشن کو ختم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ثقافتی کھیل پولو کے خلاف سازش اور غیر آئینی اقدام قرار دیا۔
شرکاء اجلاس نے چترال کے لیجنڈری پولو پلیئر اور چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس اینڈ ٹوریزم خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا گیا کہ چترال پولو ایسوسی ایشن سے متعلق جاری کیا گیا مبینہ غیر قانونی حکم نامہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے، بصورتِ دیگر چترال اور گلگت بلتستان کے پولو پلیئرز احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اجلاس میں تمام کھلاڑیوں نے ہاتھ کھڑے کرکے مذمتی قرارداد کی متفقہ طور پر تائید کی۔ اس موقع پر متفقہ طور پر اعلان کیا گیا کہ چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر آج بھی شہزادہ سکندر الملک ہیں اور پولو پلیئرز کسی بھی غیر آئینی یا خود ساختہ صدر کو تسلیم نہیں کریں گے۔
شرکاء نے کہا کہ اس نوعیت کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات سے چترال میں پولو کے کھیل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولو کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت اور غیر آئینی اقدامات کا سلسلہ جاری رہا تو پولو پلیئرز اپنے گھوڑے فروخت کرکے اس ثقافتی کھیل کو خیرباد کہنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر صدر گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن کاشف ضیاء اور کابینہ کی جانب سے چترال پولو ایسوسی ایشن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ پولو کے کھیل اور اس سے وابستہ کھلاڑیوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
