ڈی ڈی ڈبلیو پی نے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے چترال لوئر کے علاقے سفید ارکاری میں موجود فٹبال گراؤنڈ کی مرمت و بحالی سمیت تین منصوبوں کی منظوری دیدی
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز)محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کی ڈپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) کا دوسرا اجلاس سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا سعادت حسن کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی ڈبلیو پی نے مجموعی طور پر 348.864 ملین روپے کے تین اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ان منصوبوں میں تحصیل سطح پر پلے گراؤنڈ اسکیم برائے ضلع بونیر، چترال لوئر کے علاقے سفید ارکاری میں موجود فٹبال گراؤنڈ کی مرمت و بحالی، اور ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ و استحکام کے لیے اقدامات شامل ہیں۔یہ منصوبے خصوصاً پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے جن سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سعادت حسن نے کہا کہ محکمہ نوجوانوں کے لیے جامع اور پائیدار کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوان طبقے پر سرمایہ کاری اور انکی فلاح و بہبود صوبے کی دیرپا ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع رضی اللہ بیٹنی،محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے دیگر سینئر افسران،منصوبہ بندی سے وابستہ عملے اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔
……………………..
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
اسلام آباد(سی ایم لنکس)ایف بی آر نے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ان غیر مصدقہ خبروں کا نوٹس لیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ٹیکس سال 2025 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے گی۔ بعض عناصر نے توسیع کی افواہ کو حالیہ سیلاب سے بھی جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ایف بی آر وضاحت کرتا ہے کہ یہ خبریں غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں کیونکہ ٹیکس سال 2025 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جا ئے گی۔یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ٹیکس دہندگان کی بڑی اکثریت ان علاقوں میں مقیم ہے جو سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے اور انہیں ا پنا قومی فرض پورا کرنے کے لئے یعنی ریٹرن جمع کرانے کے لیے کافی وقت میسر رہا ہے۔یہ خبریں بھی بے بنیاد ہیں کہ IRIS سسٹم سست روی کا شکار ہے۔
ایف بی آر کا IRIS پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور بخوبی کام کر رہا ہے اور ٹیکس گزار نئے متعارف کردہ سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے باآسانی اپنے ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ٹیکس گزاروں پر واضح کیا جاتا ہے کہ آخری تاریخ تک ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں وہ لیٹ فائلر تصور ہوں گے اور ان پر قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ایف بی آر تمام اہل ٹیکس گزاروں کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 ستمبر 2025 کی آخری تاریخ سے پہلے درستگی اور دیانت داری کے ساتھ اپنے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ریٹرن فائل کرنے کے دوران انتہائی مشکلات کی صورت میں ٹیکس گزار مقررہ تاریخ 30 ستمبر تک واجب الادا ٹیکس ادا کرکے قانون کے مطابق متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے ریٹرن جمع کروانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پندرہ دن کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔