لواری ٹنل اپروچ روڈ (چترال سائیڈ) پر تعمیراتی کام کا آغاز، مقررہ وقت میں تعمیر کا کام مکمل ہوگا، ترجمان پی ایم ایل این چترال
چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں چترال کے عوام کے لیے ایک خوشخبری دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لواری ٹنل اپروچ روڈ (چترال سائیڈ) پر طویل انتظار کے بعد بالآخر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی ترجمان نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ نے خود موقع پر جا کر دعا خیر کے ساتھ اس اہم منصوبے کا افتتاح کیا۔
جواد کنسٹرکشن کمپنی کے پراجیکٹ منیجر اسلم ریس نے میڈیا کو بتایا کہ نیشنل ہائی و اتھارٹی (NHA) نے انہیں اس منصوبے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ منصوبے کے مطابق یہ روڈ کل چار کلومیٹر طویل ہوگی، جس میں سے ایک کلومیٹر پر اسفالٹ (asphalt) بچھایا جائے گا جبکہ باقی تین کلومیٹر حصے پر ریجیڈ یعنی سیمنٹ کنکریٹ کا کام کیا جائے گا۔ اس اہم منصوبے پر 49 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔
پراجیکٹ مینیجر نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام مکمل کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ عشریت نالہ سمیت چار مختلف مقامات پر آرسی سی پل بھی تعمیر کیئے جائیں گے، نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ نے اس موقع پر وفاقی حکومت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، اور بالخصوص وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) خالد علی رانجھا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے چترال کے اس اہم مسئلے پر عملی قدم اٹھایا۔
یہ منصوبہ نہ صرف چترال کے عوام کے لیے سفری آسانی فراہم کرے گا بلکہ علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت دے گا۔


