چترال ایکسپو 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر، خواتین کی معاشی خودمختاری اور مقامی مصنوعات کے فروغ پر زور
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، ضلعی انتظامیہ اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے منعقدہ دو روزہ “چترال ایکسپو 2025” لوئر چترال میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اس تجارتی نمائش کا بنیادی مقصد مقامی خواتین کو معاشی و تجارتی لحاظ سے بااختیار بنانا اور چترال کی منفرد مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا تھا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم تھے۔ انہوں نے اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چترالی مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی مارکیٹس میں متعارف کرانے کے لیے اس طرح کے پروگرام نہایت مؤثر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “چترال ایکسپو جیسے ایونٹس علاقے کی پوشیدہ معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔”
ایکسپو کے اختتامی دن “چترال اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا،
اس تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، مختلف بینکوں ، ضلعی انتظامیہ، کاروباری برادری، نمائش کنندگان اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل TDAP محمد نعمان بشیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ چترال میں تجارت کے فروغ، مقامی کاروباری صلاحیتوں کے استحکام، اور تربیتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمائش میں حصہ لینے والے شرکاء اور نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
ایکسپو میں چترال کی ثقافتی وراثت، مقامی مصنوعات، اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا گیا، جس سے خطے میں مستقبل کی معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہونے کی اُمید کی جارہی ہے ۔،
 
  
 


 
  
  
 
 
 




