شندور پولو فیسٹیول 2026 کیلئے چترال کی ٹیموں کا اعلان، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) دنیا کی بلندترین پولو گراونڈ شندور میں منعقد ہونے والے شندور پولو فیسٹیول 2026 میں شرکت کے لیے چترال کی پولو ٹیموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سلیکشن کمیٹی میں پولو ایسوسی ایشن چترال، چیف پولو کوچ، چترال اسکاوٹس، چترال پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شامل تھے۔ یکم جون 2026 کو ڈپٹی کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں شندور پولو فیسٹیول 2026 کے لیے چترال-A، چترال-B، چترال-C، چترال-D اور سب ڈویژن مستوج کی ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔
چترال-A کی قیادت اسرار ولی کریں گے ، دیگر کھلاڑیوں میں شہزاد احمد شاہ جی، اظہرعلی خان، امیر حمزہ ، ناصر اللہ ، ضیاالرحمن ، الیاس احمد، آرباب قلی خان شامل ہیں جبکہ چترال-B کے کپتان اصغر حسین مقرر کیے گئے ہیں۔ چترال-C کی کپتانی شمیم احمد اور چترال-D کی قیادت مقصود علی شاہ بلوچ کے سپرد کی گئی ہے۔ اسی طرح سب ڈویژن مستوج ٹیم کے کپتان راجہ فضل خالق ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نامزد تمام کھلاڑی شندور پولو فیسٹیول 2026 کے دوران انتخاب کے لیے دستیاب رہیں گے اور بطور فعال کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
شندور پولو فیسٹیول ملک کا سب سے بڑا روایتی پولو میلہ تصور کیا جاتا ہے، جس میں چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے منعقد ہوتے ہیں اور ہزاروں شائقین اس تاریخی ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں۔
یادرہے کہ امسال شندور پولو فسیٹول گزشتہ برسوں کی نسبت ایک مہینے پہلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا میں گزشتہ مہینے منعقد ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس سال شندور فیسٹول جولائی کے بجائے 11جون سے 13جون کے درمیان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، جس کیلئے چترال اور گلگت پولو ٹیموں کے گھوڑے اور کھلاڑی شندور پہنچ رہے ہیں۔

