محمد طلحہ محمود فاونڈیشن نے اپنے ایک اور وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گورنمنٹ مڈل سکول موڑدہ ایون میں کمپیوٹر لیب قائم کر دیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال بھر میں مختلف منصوبوں پر کم کرنے والا غیر سرکاری ادارہ محمد طلحہ محمود فاونڈیشن نے اپنے ایک اور وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گورنمنٹ مڈل سکول موڑدہ ایون میں کمپیوٹر لیب قائم کر دیا ہے ۔جس کا افتتاح جمعرات کے روز ایک ہر وقار تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال محمود غزنوی نے فیتہ کاٹ کر کیا ۔ شاہی جامع مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان اس تقریب کےصدر محفل تھے ۔ تقریب میں سیکرٹری طلحہ محمود فاونڈیشن مبشر حسین ، کو آرڈنیٹر سید نزاکت شاہ، آفس انچارچ عمر مقصود کے علاوہ مقامی عمائدین حافظ خوشولی خان ،ڈی ایس پی سرکل ایون حسن اللہ ، معروف سیاسی و سماجی شخصیات خیرالاعظم ، سابق ڈی پی ایم ایس آر ایس پی دیر نور عجب خان ، عنایت اللہ اسیر، سابق ناظم مجیب الرحمن،سکول کے اساتذہ طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
انچارج سکول ٹیچر زرتاج احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اور طلحہ محمود فاونڈیشن کی طرف سے سکول کیلئے کمپیوٹر لیب کے قیام کی تعریف کی ۔ انہوں نے ڈی ای او محمود غزنوی کی چترا ل میں تعلیم کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو مثالی قرار دیا ۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئےمہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال لوئر محمود غزنوی نے طلباء کیلئے کمیوٹر لیب کے قیام پراپنے ادارے کی طرف سے طلحہ محمود فاونڈیشن کا شکریہ اد کیا ۔ اور کہا ۔کہ دور جدید میں کمپیوٹر کی تعلیم طلباء کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ اور کمپیوٹر پر عبور کے بغیر طلباء علمی مسابقت کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ اس لئے یہ لیب مقامی طلبا ء کو آئی ٹی کے بارے میں علم کے حصول میں نہایت معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ تقریب سے صدر محفل خطیب شاہی مسجد چترال نے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر طلحہ محمود اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا ۔ اور مختلف مقامات میں جاری منصوبوں کو چترال کی ترقی اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اہم قرار دیا ۔ تقریب سے طلحہ محمود فاونڈیشن کے ذمہ داروں و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازین جب مہمانان گرامی سکول پہنچے تو طلباء انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔
