چیف سیکرٹری خیبر پختونخواندیم کی زیر صدارت خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کے بارے سیکرٹریز کمیٹی وڈپٹی کمشنرز کا اجلاس، پروگرام کے تحت اگلے ایک سال میں پانچ لاکھ تک نوجوانوں کو روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا، بریفنگ
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخواندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، ایڈیشنل آئی جی پولیس اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ صوبے کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس کے شرکاء کو اس موقع پرخوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کے تحت صوبے کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت ہو سکے گی۔صوبے میں امن و امان کے ساتھ ساتھ معاشی صورتحال کی بہتری اس پروگرام کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، اس کے علاوہ گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لئے عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی بیسڈ کورسز کرائے جائیں گے تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں روزگار کیئے اپنی جگہ بنا سکیں اور اپنے لئے بہترروزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ اس پروگرام کے تحت اگلے ایک سال میں پانچ لاکھ تک نوجوانوں کو روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اس کو ترقی دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا-
